Ye Tou Niri Tabahi Hai - Article No. 1080

Ye Tou Niri Tabahi Hai

یہ تو نری تباہی ہے - تحریر نمبر 1080

ایک سادہ لوح شخص علی الصبح حضرت سلیمان علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ علیہ السلام نے پوچھا کہ تم اتنے پریشان کیوں ہو؟ اس نے عرض کی کہ حضرت عزرائیل علیہ السلام نے مجھ پر بڑی خوفناک نگاہ ڈالی ہے۔

ہفتہ 30 جولائی 2016

حکایات رومی رحمتہ اللہ علیہ:
ایک سادہ لوح شخص علی الصبح حضرت سلیمان علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ علیہ السلام نے پوچھا کہ تم اتنے پریشان کیوں ہو؟ اس نے عرض کی کہ حضرت عزرائیل علیہ السلام نے مجھ پر بڑی خوفناک نگاہ ڈالی ہے۔ آپ علیہ السلام نے پوچھا کہ اب تو مجھ سے کیا چاہتا ہے؟ اس نے عرض کی کہ آپ علیہ السلام ہوا کو حکم دیں کہ وہ مجھے ہندوستان پہنچا دے کہ شاید میری جان بچ جائے ۔
آپ علیہ السلام نے ہوا کوحکم دیاکہ اسے ہندوستان کی زمین پر پہنچا دے۔ ہوا نے اس کو سومنات کے علاقے میں پہنچا دیا۔
لوگ افلاس سے بھاگتے ہیں کیونکہ حرص اور خواہش ان کالقمہ ہے۔ افلاس کاڈر اس شخص کے خوف کی مثال سمجھ اور حرص اور کوشش کو ہندوستان سمجھ۔

(جاری ہے)


اگلے روز دربار لگاتو حضرت سلیمان علیہ السلام نے حضرت عزرائیل علیہ السلام سے پوچھا کہ تونے اس شخص کو غصہ سے کیوں دیکھا کہ وہ اپنے گھروالوں سے جداہوگیا؟ حضرت عزرائیل علیہ السلام نے عرض کی کہ اے لازوال جہاں کے بادشاہ! وہ غلط سمجھا اور اس کو اس کے خیال نے بہکایا۔

اللہ عزوجل نے مجھے آج اس کی جان ہندوستان نکالنے کے لئے کہا تھااور میں اس کو یہاں دیکھ کر حیران تھا اور اس فکر میں مبتلا تھا کہ کیا یہ اتنی جلدی اپنی موت کے وقت پرہندوستان پہنچ بھی پائے گا کہ نہیں۔ میں جب حکم الہٰی کے مطابق اس کی جان نکالنے ہندوستان پہنچا تو میں نے اس وہاں موجود پایا۔
اے انسان دنیا کے کاموں کو اسی پر قیاس کر اور دیکھ لے کہ ہم اس سے بھاگ کر کہیں نہیں جاسکتے اور اس سے فراز ممکن نہیں۔
یہ تونری تباہی ہے کہ ہم اس کی حکم عدولی کریں۔
مقصودبیان:
مولانا محمد جلال الدین رومی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ کائنات کے تمام امور اللہ رب العزت کی منشاء کے عین مطابق انجام پاتے ہیں اور اس کے حکم کاانکار کرنا نری تباہی ہے۔ اللہ رب العزت قادر المطلق ہے وہ جوچاہتا ہے کرتا ہے اور اس کی حکمت ہماری فہم سے بالاتر ہے۔

Browse More Urdu Literature Articles