Zameen Ka Sab Se Bara Fasad - Article No. 1099

Zameen Ka Sab Se Bara Fasad

زمین کا سب سے بڑا فساد - تحریر نمبر 1099

پیر 3 اکتوبر 2016

حکایات سعدی رحمتہ اللہ علیہ :
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ دمشق میں سخت قحط پڑگیا اور نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ ٹڈیاں سبزے کوکھاگئیں اور انسان ٹڈیوں کو کھاگئے ۔ بھوک کی شدت سے مخلوق خداہلاک ہوگئی ۔ ایک روزمیری ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی جو بہت مالدار تھا۔ میں نے اس شخص کو نہایت پریشانی کے عالم میں دیکھا جیسا کہ شہر کے مساکین کی حالت ہوتی ہے ۔

میں نے اس سے دریافت کیا کہ کیا بھائی میں تمہیں اس حالت میں دیکھ رہا ہوں ؟ وہ کہنے لگا: اے سعدی (رحمتہ اللہ علیہ ) کیاتم جانتے نہیں کہ اس وقت قحط کی صورتحال ہے اور تمام مخلوق خدابرباد ہوگئی ہے ۔
میں نے کہا کہ مجھے اس کاعلم ہے لیکن قحط کا تم پر کیا اثر ہوسکتا ہے ؟ تم اللہ کے فضل سے مالدار ہواور کسی بھی شے کا حصول تمہارے لئے ناممکن نہیں ؟
میری بات سن کر اس شخص نے آہ بھری اور کہنے لگا: اے سعدی (رحمتہ اللہ علیہ ) ایک ایسے شخص کے لئے جوحساس ہوکیسے ممکن ہے کہ وہ اپنے اردگرد سے بے خبر ہوجائے اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بھول کر صرف اپنی ذات کی فکر کرے ؟ کوئی شریف النفس شخص کسی شخص کو دریا میں ڈوبتا دیکھ کر ساحل پر مطمئن کیسے کھڑ ا رہ سکتا ہے ؟ بے شک مجھے بھوک اور پیاس کی تنگی محسوس ہورہی لیکن مجھے اپنے اردگرد موجود لوگوں کے غم نے ہلاک کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر کسی کاکوئی عزیز قید کردیاجائے تو کیاوہ آرام وسکون سے رہ سکتا ہے ۔
مقصود بیان :
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ اس حکایت میں بیان کرتے ہیں کہ معاشرے میں رہنے کا بہترین اصول یہ ہے کہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کے دکھ درد کو محسوس کیاجائے اور اگر ممکن ہوسکے تو ان کی تکلیف کو دور کرنے کی کوشش کی جائے ۔ روئے زمین کا سب سے بڑا فساد خود غرضی اور نفس پرستی ہے ۔
انسانوں میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو دوسروں کے نفع ونقصان سے بے پرواہ ہوتے ہیں اوراپنی زندگیوں اور آسائشوں میں مگن ہوتے ہیں۔ پھر وہ اپنی اس پر تعیش زندگی کی بدولت اتنے دلیر ہوجاتے ہیں کہ اپنے معمولی سے فائدہ کے لئے دوسروں کا بڑے سے بڑا نقصان بھی کرنے سے نہیں چوکتے ۔ اگر کوئی شخص جیسا حساس ہوجائے جس کے متعلق حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ نے بیان کیا ہے تو حقیقت میں دنیا جنت کا نمونہ بن جائے۔

Browse More Urdu Literature Articles