تابش دہلوی
(1910-2004)
برصغیر پا ک وہند کے معروف شاعر تابش دہلوی کی پیدائش 1910ء میں دہلی میں ہوئی تھی۔ انہوں نے پہلا شعر تیرہ برس کی عمر میں کہا تھا جبکہ ان کی پہلی نظم یا غزل 1931ء میں نئی دہلی کے مشہور جریدے” ساقی“ میں شائع ہوئی۔تابش دہلوی کے اب تک چھ شعری مجموعے اور نثر کی ایک کتاب ’دید باز دید‘ شائع ہوئی ہے ۔’دید باز دید‘ ان اہم شخصیات کے سوانح حیات کے حصے ہیں جن کا تابش دہلوی کی زندگی پر گہرا اثر رہا۔شاعر کے علاوہ وہ ایک جانے پہچانے براڈ کاسٹر بھی تھے اور انہوں نے کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آل انڈیا ریڈیو سے براڈکاسٹنگ کیریئر کا آغاز کیا۔ان کا آڈیشن پطرس بخاری نے لیا اور انہیں پروگرام اناوٴنسر کے لیے منتخب کیا جس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے خبریں بھی پڑھنا شروع کیں۔ 1947ء میں پاکستان بننے کے بعد وہ کراچی چلے آئے اور یہاں وہ ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہو گئے ۔1963ء تک انہوں نے خبریں پڑھیں، پھرسینئر پروڈیوسر ہو جانے کے بعد مذہب اور موسیقی کے پروگرام پیش کرتے رہے ۔ان کے قریبی ساتھیوں میں زیڈ اے بخاری اور شاعر ماہر القادری شامل ہیں۔ان کا انتقال23۔ستمبر2004ء کو کراچی میں ہوا۔انتقال سے پہلے ایک ہفتے سے سینے کے انفیکشن کے باعث ضیا الدین ہسپتال کراچی کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔انہیں کراچی کے سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔