سعود عثمانی جدید اردو غزل کا ایک معتبر اور اہم نام ہیں۔ غزل کے سنجیدہ قارئین اور ادبی حلقوں کو ان کے تازہ شعری مجموعے کا شدت سے انتظار تھا۔چنانچہ یہ خبر ان قارئین کے لیے خبر کم اور خوشخبری زیادہ ہےکہ سعود عثمانی کا تازہ شعری مجموعہ بارش کے نام سے شائع ہو گیا ہے۔یہ مجموعہ غزلوں اور نظموں پر مشتمل ہے۔کتاب کی کتابت ،طباعت اور گیٹ اپ نہایت دیدہ زیب اور منفرد ہے۔ایک ایک صفحہ شاعرکی محنت ،تخلیقیت اور اعلی درجے کے ذوق کا پتہ دیتا ہے۔کئی نظمیں ایسی بھی ہیں جن سے پہلے شاعر نے موضوع کی مناسبت سے انتہائی شاعرانہ اور دل کو موہ لینے والے انداز میں نثرپارہ تحریر کیا ہے۔بلاشبہ یہ کتاب اپنی شاعری اور طباعت کے معیار کے حوالے سے بہترین کتابوں میں سے ایک ہے۔واضح رہے کہ بارش دس برس بعد شائع ہونے والا سعود عثمانی کا دوسرا شعری مجموعہ ہے۔اس سے پہلے 1997 میں ان کا پہلا شعری مجموعہ قوس شائع ہو اتھا جسے 97 میں غزل کی بہترین کتاب قرار پانے پر وزیر اعظم ادبی ایوارڈ ملا تھا۔بارش کو ادارہ کتب نما،14دینا ناتھ مینشن مال روڈلاہور نے شائع کیا ہے۔صفحات 200 ،قیمت300 روپے۔