افسانہ نگار رضوانہ سید علی کی کتاب "پیلے پھولوں کا نوحہ" کی تقریب رونمائی
ادبی تنظیم "امکان" کے تحت اکادمی ادبیات پاکستان کے کانفرنس ہال میں افسانہ نگار رضوانہ سید علی کے افسانوں کے تازہ مجموعے "پیلے پھولوں کا نوحہ" کی تقریب رونمائی کی صدارت کرتے ہوئے ممتاز ڈرامہ نگار اور رائٹر محمد منشاء یاد نے کہا کہ رضوانہ سید علی اپنی کہانیاں گردوپیش سے کشید کرتی ہیں لہٰذا ان کے کردار ہمیں اپنے آس پاس زندگی کرتے نظر آتے ہیں۔ مہمان خصوصی فریدہ حفیظ نے کہا کہ رضوانہ کشش انگیز طرز تحریر کی مالک ایک خوش کن افسانہ نگار ہیں جبکہ تقریب کی مہمان اعزاز افشاں عباسی نے کہا کہ رضوانہ کو قدرت نے گہرے مشاہدے کے ساتھ ساتھ بیان کا ہنر بھی عطا کیا ہے ۔ اس موقع پر عائشہ شفیق نے ممتاز ادیبہ خالدہ حسین کا خصوصی مضمون پڑھ کر سنایا جس میں رضوانہ کی تحریروں کو سادگی اور سچائی کا امتزاج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رضوانہ کی ہر کہانی ہمیں خود کو پڑھنے پر مجبور کرتی ہے ۔ انجم خلیق نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا جبکہ ارشد معراج نے اپنے تجزیاتی مضمون میں رضوانہ کو ایک حقیقت پسند لکھاری قرار دیا۔