ادبی تنظیم "اثبات" نے پانچواں موسم جلتی ریت پر میرے پاوٴں اور لمس جیسے خوبصورت شعری مجموعوں کے خالق ڈاکٹر علی اطہر کے اعزاز میں ادبی بیٹھک لاہور میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف شاعر محمد رضوان رانا تھے ۔ میزبان صدر شاہد رضا نے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ نظامت کے فرائض ارشد شاہین نے ادا کئے ۔ تقریب کے سلسلے دور میں ارشد شاہین نے موجودہ ادبی فضا پر خوبصورت انداز میں گفتگو کی۔ کہنہ مشق شاعر واجد امیر نے کہا کہ موجودہ حبس کے ماحول میں علی اطہر جیسے شعراء تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہیں۔ سید تحسین گیلانی نے کہا کہ ان کی شاعری میں خطہ نیلی بار کی مٹی کی مخصوص کھنک اور خوشبو رچی ہوئی ہے ۔ سیکرٹری "اثبات" شہزاد شاکر نے علی اطہر کو سچے جذبوں کا امین قرار دیا۔ صدر "اثبات" شاہد رضا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاحب تقریب کی شاعری میں جو تازگی اور شگفتگی پائی جاتی ہے وہ ان کی خوبصورت شخصیت کی عکاس ہے ۔ مہمان خصوصی محمد رضوان رانا نے بھی علی اطہر کے فن اور شخصیت پر روشنی ڈالی۔ صاحب تقریب ڈاکٹر علی اطہر نے "اثبات" کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوسرے دور میں محفل مشاعرہ ہوئی جس میں ڈاکٹر علی اطہر، رضوان رانا، واجد امیر، ارشد شاہین، کنور امتیاز احمد، سید تحسین گیلانی شاہد رضا، منصور فائز اور شہزاد شاکر نے اپنا کلام پیش کیا۔