لندن سے مخزن کے مدیر مقصود الہی شیخ کی آمد پر تقریب
آرٹس کونسل کراچی کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام ، لندن سے آئے ہوئے معروف افسانہ نگار،ناول نگاراور ادبی رسالہ مخزن کے مدیر مقصود الہی شیخ کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کا اہتمام ادبی کمیٹی کے چیئر مین سحر انصاری نے کیا۔صدارت حمایت علی شاعر نے کی۔حمایت علی شاعر نے کہا کہ سر عبدالقادر نے 1901 میں رسالہ مخزن بطور مدیر جاری کیا تھا۔اور پہلا شمارہ یکم اپریل 1901 کو شائع کیا تھا۔جبکہ مقصود الہی شیخ نے اپنا رسالہ مخزن 2001 میں شائع کیا اور مقصود صاحب کی تاریخ پیدائش یکم اپریل ہے۔حمایت علی شاعر نے بتایا کہ سر عبدالقادر نے لفظ مخزن انگریزی لفظ میگزین کے تقابل میں منتخب کیا تھا۔
راحت سعید نے کہا کہ مقصود صاحب مخزن سے پہلے 26 برس تک اخباری شائز کا ادبی رسالہ راوی نکالتے رہے۔اور ان کی تمام کامیابیوں کے پیچھے ان کی بیگم کا ہاتھ ہے۔
اس موقع پر سحر انصاری نے مقصود الہی شیخ کا دیا ہوا احمد ندیم قاسمی کے دستخط والا دس روپے کا نوٹ برائے نیلام پیش کیا جسے راحت سعید نے تین ہزار پانچ سو روپے میں خرید لیا۔