ممتاز شاعر پروفیسر منظر ایوبی نے کہا ہے کہ کراچی ایک ایسا ادبی اور ثقافتی مرکز ہے جو ہر آنے والے مہمان کا پرجوش انداز میں استقبال کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ فکر جدید کراچی کی جانب سے امریکا میں مقیم پاکستان کے معروف شاعر قسیم واسطی کے اعزاز میں منعقدہ محفل مشاعرہ کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قسیم واسطی ایک انسان دوست شاعر ہیں۔ ان کی شاعری میں قدیم رنگ نمایاں ہے۔ ان کی نظموں میں معاشرتی ناہمواریوں کا ذکر بڑی قوت سے ملتا ہے۔ بلاشبہ قسیم واسطی ایک خلیق اور محبت کرنے والے انسان ہیں۔ صاحب اعزاز قسیم واسطی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں برادرم اقبال مجیدی کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے اعزاز میں اتنی خوبصورت محفل کا اہتمام کیا۔ بلاشبہ اقبال مجیدی دوستوں کے دوست ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے پیشے ”وکالت“ کے حوالے سے بتایا کہ میری یہ کوشش رہتی ہے کہ میں اس پیشے کے احترام میں دکھی انسانیت کی خدمت کرتا رہوں۔ قبل ازیں حلقہ فکر جدید کے روح رواں اقبال مجیدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس مشاعرے میں صاحب صدر اور مہمان اعزازی کے علاوہ جن شعراء نے کلام پیش کیا ان میں رفیع الدین راز، جاوید منظر، ڈاکٹر شاداب احسانی، شارق بلیاوی، محمود ساگر، فہیم شناس کاظمی، قیصر وجدی، سہیل اختر ہاشمی، ابن اعظیم فاطمی اور اقبال مجیدی شامل ہیں۔