"کردار" کا ماہانہ مشاعرہ
گزشتہ دنوں علمی و ادبی تنظیم کردار کے زیر اہتمام ماہانہ محفل مشاعرہ کا انعقاد بزرگ شاعر بشیر رحمانی کی زیر صدارت ہوا جبکہ مہمان خصوصی معروف شاعر محمد نوید مرزا تھے۔ تلاوت و نظامت کے فرائض معروف شاعر مقصود عامر نے انجام دے کر حاضرین محفل سے بھرپور داد وصول کی۔ کردار نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بشیر رحمانی کی سالگرہ کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کیک اور ایک خوبصورت گفٹ پیش کیا۔ صاحب صدر نے کہا کہ کردار ایک منفرد انداز سے ادب کی خدمت کر رہی ہے اور شعراء کی سالگرہ کا مستقل سلسلہ دنیا بھر میں سب سے جدا ہے۔ محفل میں جن شعراء نے اپنا کلام سنایا ان میں شہزاد احمد، عبدالحکیم وفا، خلش بجنوری، احسان اللہ ثاقب، ریاض رومانی، آفاق، لالہ جی، عطاء العزیز، سہیل یار، ندیم احمد ندیم، سعید عاقل، طفیل اعظمی، سرور خان، اشفاق فلک، سلامت علی مغل، راجہ شاہد امیر اور دیگر شامل تھے بعد ازاں شعراء کے لئے ایک خوبصورت ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔