عبدالسلام خیال کی شاعری رومان پرور فضا کی دین ہے، صابر بدر
ممتاز بزرگ ادیب اور شاعر صابر بدر جعفری نے کہا ہے کہ عبدالسلام خیال (مرحوم) کی شاعری ”ٹونک“ کی رومان پرور فضا کی دین ہے، جس نے اختر شیرانی جیسا رومانی شاعر پیدا کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اختر شیرانی میموریل سوسائٹی کی جانب سے عبدالسلام خیال کے مجموعہ کلام اوراق گم گشتہ کی تعارفی تقریب کے موقع پر صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ان کے بیٹے ڈاکٹر ایم اے راز سید نے ترتیب دی ہے۔ خدا ایسے ہونہار بیٹے سب کو عطا کرے وہ خود بھی ایک شاعر ہیں لیکن ایک ماہر تعلیم کی حیثیت سے ان کی خدمات بہت نمایاں ہیں حکیم مجاہد برکاتی نے کہا کہ عبدالسلام خیال کا مجموعہ پڑھنے کے بعد اندازہ ہوا کہ وہ کتنے اہم شاعر تھے راز صاحب نے ان کی کتاب شائع کر کے ادب کی بھی خدمت کی ہے اور اولاد ہونے کا بھی حق ادا کیا ہے۔ ظفر محمد خان ظفر نے کہا کہ ریاست ٹونک نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں کام کیا ہے ٹونک سے وابستہ عملی و ادبی شخصیات کی فہرست بھی خاصی طویل ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک ایسی کتاب لائی جائے جس میں ٹونک کی علمی اور ادبی شخصیات کا تعارف بھی ہو اور کلام بھی تاکہ نئی نسل کو اندازہ ہو سکے کہ ٹونک نے کیسے کیسے لوگ پیدا کئے قبل ازیں اختر شیرانی میموریل سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری بابائے ٹونک عزیز الرحمان خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا نظر ناظمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اس موقع پر جن شعرا نے کلام سنایا ان میں پروفیسر سحر آفریدی (صدر مشاعرہ) صابر بدر جعفری (مہمان خصوصی) احمد عمر شریف، ڈاکٹر ایم اے راز، ظفر محمد خان ظفر، انور جاوید ہاشمی، امتہ الحئی وفا ، سہیل اختر ہاشمی اور سجاد ہاشمی شامل ہیں۔