عالمی مشاعرے کو ”ہمارا کراچی تقریبات “میں شامل کیا جائیگا، نسرین جلیل
سٹی نائب ناظم نسرین جلیل نے کہا ہے کہ ادب و ثقافت اور تہذیب و تمدن کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ ”ساکنان شہر قائد“ کے زیراہتمام ہونے والے عالمی مشاعروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ مشاعرے شہر کی رونقوں میں اضافے کا باعث ہیں۔ شہری حکومت کراچی عالمی مشاعرے کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی اور شعراء کے اعزاز میں سٹی کونسل نائب ناظم سیکریٹریٹ کی جانب سے استقبالیہ بھی دیا جائے گا۔ عالمی مشاعرے کو کراچی فیسٹیول کا حصہ بنایا جانا چاہیے اور آئندہ ماہ ہونے والی ”ہمارا کراچی تقریبات“ میں عالمی مشاعرے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وہ اپنے دفتر میں ”ساکنان شہر قائد“ کے زیراہتمام 30/اپریل کو وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن ا قبال کے گراؤنڈ میں ہونے والے عالمی مشاعرے کی تیاریوں اور اب تک کیے گئے انتظامات سے آگاہ کرنے کیلئے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کررہی تھیں۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر صفوان اللہ، سابق صوبائی مشیر اطلاعات صلاح الدین حیدر اور دیگر کے علاوہ سابق نگراں صفوان اللہ نے بتایا کہ عالمی مشاعروں کو گزشتہ 17/سالوں سے جس کامیابی کے ساتھ منعقد کرایا جارہا ہے اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ”ساکنان شہر قائد“ کے اراکین نے شخصیت کے بجائے ادارے کو مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب ادارے کو باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ بھی کرایا گیا ہے۔