ادب >> مضمون >> مامتاکے مارے ہوئے افسانے : عطا الحق قاسمی
ادب
مامتاکے مارے ہوئے افسانے!
عطا الحق قاسمی

مجھے یہ کبھی یاد نہیں رہا کہ کس سے پہلی ملاقات کہاں اور کب ہوئی تھی، غالباً اس کی زیادہ اہمیت ہی نہیں ہے، اصل بات یہ ہے کہ اس ملاقات نے آپ پر کیا تاثر چھوڑا تھا چنانچہ فرحت پروین کے حوالے سے بھی مجھے یاد نہیں پڑتا کہ میری ان سے پہلی ملاقات کہاں اور کب ہوئی تھی البتہ یہ یاد ہے کہ پہلا تاثر ہی بہت اچھا تھا، مجھے یہ بھی یاد ہے کہ سرسری ملاقاتوں سے ہٹ کر ان سے ایک بھرپور ملاقات دس برس قبل لاس اینجلس میں ہوئی تھی جہاں ایک تقریب کے سلسلے میں فرحت پروین، فرحت زاہد اور میں ایک گھر میں تین روز تک اکٹھے رہے تھے۔ اس دوران ہمارے شرارتی میزبانوں نے فرحت کو ”پنکی“ اور مجھے ”پپو“ کہنا شروع کر دیا تھا اور ہم دونوں نے یہ نام بخوشی قبول کر لیا تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فرحت کو ”پنکیاں“ اچھی لگتی ہیں اور مجھے بھی دنیا بھر کے ”پپوؤں“ سے پیار ہے کہ ان کے دل محبت سے لبالب بھرے ہوتے ہیں چنانچہ وہ اپنے سے کمتر شخص سے بھی اس طرح ملتے ہیں جیسے کسی اپنے سے بڑے مرتبے اور مقام والے شخص سے ملا جاتا ہے۔ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ فرحت پروین کی شہرت ایک افسانہ نگار کی ہے لیکن بہت کم لوگوں کو علم ہے کہ فرحت شاعری بھی کرتی ہیں ۔ ایم اسلم بھی شروع شروع میں شاعری کیا کرتے تھے ۔ ایک دفعہ انہوں نے اپنا تازہ کلام اقبال کو سنایا اور رائے پوچھی تو علامہ نے کہا ”آپ نثر لکھا کریں“۔بس اس کے بعد سے انہوں نے نثر لکھنا شروع کر دی اور غضب یہ کیا کہ یہ نثر علامہ کو نہیں دکھائی۔ ایک نجی شعری نشست میں فرحت نے بھی اپنی دو غزلیں میرے ہاتھ میں تھمائیں اور مشورہ طلب کیا کہ ان میں سے کون سی غزل پڑھوں۔ میں نے ان میں سے ایک غزل پڑھی اور دوسری پر نظر ڈالے بغیر کہا ”دوسری پڑھ دیں“۔ خیر یہ بات تو از راہِ تفنن تھی ورنہ ان کے تو افسانوں میں بھی کئی لائنیں ایسی ہیں جو کسی شعر سے کم نہیں ہیں۔ فرحت کے بارے میں ایک بات یہ بھی بتانے کی ہے کہ وہ بیک وقت چار ملکوں امریکہ، بحرین، سعودی عرب اور پاکستان میں رہتی ہیں چنانچہ وہ ان ملکوں کا چکر لگاتی رہتی ہیں او ریوں ۔چمن میں ہر طرف بکھری ہوئی ہے داستاں میری ۔والا مصرعہ ان پر صادق آتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی وہ جہاں گردی میں مشغول رہتی ہیں اور یوں انہیں خواتین کی ابن بطوطہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ باقی جہاں تک فرحت کی افسانہ نگاری کا تعلق ہے تو میں ان کے فن کے کشتگان میں سے ہوں ۔ ان کا تعلق افسانے کی حقیقت پسند روایت سے ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران جو چند افسانہ نگار خواتین اپنے پورے قد کے ساتھ سامنے آئی ہیں ان میں فرحت پروین، طاہرہ اقبال، نیلم بشیر اور راحت وفا سرفہرست ہیں۔ فرحت پروین کا ذکر میں نے خواتین افسانہ نگاروں کے ساتھ اس لئے کیا ہے کہ مجھے ان کے افسانوں میں ممتا بہت نظر آتی ہے۔ یہ ممتا کمزوروں کے لئے خصوصاً بہت طاقتور ہو جاتی ہے۔ ان کے تازہ افسانوی مجموعے ”کانچ کی چٹان“ میں جتنے بھی کردار ہیں، انہیں لکھتے وقت فرحت پروین ایک ماں کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں۔ان کا سب سے بڑا دکھ ان کرداروں کے حوالے سے ہے جو اپنی روٹی روزی کمانے کے لئے دنیا کے مختلف ملکوں میں اپنی حسرتوں اور آرزوؤں کے مدفن میں اپنی زندگیاں گزار رہے ہیں۔ ان کے زیادہ تر کردار بھی نسوانی ہیں۔ زیر نظر افسانوی مجموعے میں ان کا افسانہ ”کانچ کی چٹان“ قاری کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ اس کہانی کا مرکزی کردار سعودی عرب کے ایک مساج پارلر میں کام کرنے والی فلپائنی لڑکی لٹیشیا مریا ہے۔ یہ چٹان جیسی مضبوط عورت فلپائن میں موجود اپنے بچے کی بیماری اور اس کے پاس جانے کے لئے چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے کانچ کی طرح جیسے ٹوٹتی ہے، اس کی چھنکار دل پر ہتھوڑے کی طرح لگتی ہے۔ روح کی گہرائیوں تک دکھ سے بھرا ہوا افسانہ ”سرابوں کی مسافر“ میں ممتا اپنی معراج پر ہے کہ اس میں جس جواں مرگ کی کہانی ہے، وہ فرحت کا اپنا ”شی“ جیسا بیٹا تھا۔ چنانچہ اس افسانے میں لفظ گریہ کرتے نظرآتے ہیں۔ خالد احمد نے تبھی تو کہا تھا کوئی تو روئے لپٹ کر جوان لاشوں سے اسی لئے تو وہ بیٹوں کو مائیں دیتا ہے اور اسی افسانوی مجموعے میں ایک افسانہ ”سٹیزن شپ“ بھی ہے جس کا تعلق امریکہ کی شہریت ملنے سے قبل اس حلف سے ہے جو ہر اس شخص کو اٹھانا پڑتا ے جو امریکی شہریت حاصل کرتا ہے۔ اس کا تعلق بھی مامتا سے ہے۔ اس افسانے کا ایک کردار اپنی بہت سی مجبوریوں کی وجہ سے امریکہ میں اپنے قیام کے کئی برس بعد امریکی شہریت لینے کا ارادہ کرتا ہے اور جب وہ حلف لینے اس ہال میں جاتا ہے جہاں اس جیسے دوسرے بہت سے لوگ موجود ہیں تو اسے بے چینی گھیر لیتی ہے۔ اس کے ذہن کے پردے پر وہ گلیاں وہ کوچے ابھرے جہاں اس کا بچپن گزرا تھا۔ اس کے بعد کیا ہوتا ہے، وہ اس کالم کے آخر میں افسانہ نگار سے سنیے: ”جج صاحب نے حلف کے لئے ہاتھ اٹھایا، سب نے تقلید کی، اس نے ہاتھ اٹھانا چاہا تو لگا اس کا ہاتھ لکڑی کا ہے، جسے نہ وہ موڑ سکتا ہے نہ اٹھا سکتا ہے۔ بڑی کاوش سے اس نے ہاتھ اٹھایا، جج حلف کے الفاظ کہتا رہا لوگ تائید میں لفظ دہراتے رہے۔ تب جج صاحب نے کہا کہ حلف کی یہ لائن ان الفاظ کے ساتھ دہرانا ہو گی ”اگرضرورت پڑی تو میں امریکہ کے لئے ہتھیار اٹھاؤں گا چاہے وہ کسی بھی ملک کے مقابلے میں ہو!“ اسے لگا اس کے وطن کے گلی کوچے، اس کے گرد اپنا گھیرا تنگ کرتے جا رہے ہیں۔ ایک ایک اینٹ، ایک ایک پتھر اس سے سوال کر رہا ہے، ایک ایک پیٹر، ایک ایک پودا، ایک ایک پتّا پوچھ رہا ہے ”ہمارے خلاف لڑو گے، ہم پر بم برساؤ گے؟“ اور پھر جیسے اس کی ماں اپنا سینہ تان کر اس کے سامنے آ کھڑی ہوئی ”مجھ پر گولی چلاؤ گے، مجھ پر اپنی ماں پر، اپنے وطن پر؟“ وہ کہے جا رہی تھی، اس کا سانس رکنے لگا، اس کا دم گھٹنے لگا۔ جج جملہ پورا کر چکا تھا، سب لوگ دہرا چکے تھے”ہاں ہم ایسا کریں گے“ سب دہرا رہے تھے! ایک ہسٹریائی آواز ہال میں گونجی ”نہیں، کبھی نہیں“ ۔ہال میں موت کی سی خاموشی چھا گئی، سب نے جیوری کی اونچی الگ نشستوں کی طرف دیکھا جہاں وہ کھڑا تھا اور پھر وہ سیڑھیاں اتر کر حاضرین کی قطاروں کے بیچوں بیچ بنے راستے پر نپے تلے متوازن قدموں سے چلتا ہوا ہال کے بیرونی دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ نتائج سے بے پرواہ! اور اس کے چہرے پر وہ سکون اور اطمینان تھا جو ان سب برسوں میں اسے کبھی نصیب نہیں ہوا تھا!“ (لاہورمیں ”کانچ کی چٹان“ کی تقریب رونمائی میں پڑھا گیا
پیچھے مرکزی صفحہ آگے
Gifts, & Sentiments
Flowers, Mithai, Cakes, Fruit Baskets, Perfumes, Chocolate, Gift Books, Stuffed Toys, Fashion Jewelry, Mehndi, Choorian
Urdu Books
English Books
Apparel - Dresses
Paper Wishing Cards
CDs & DVDs
Mobile Phone
Electronics, Computers
Kids Toys - All products
Shop at eMarkaz
Gifts to Pakistan, Urdu Books, Men and women dresses, Mobile Scratch cards
Popular Searches: Eid Gifts to Pakistan, Eid Gifts, Eid Day Gifts, Gifts to Pakistan, Gifts to Pak, Pakistan Gifts, Gift to Pakistan, Send Gifts to Pakistan, Sending Gifts to Pakistan, Flowers to Pakistan, Cakes to Pakistan, Pakistani Gifts, Gifts for Pakistan, Valentine day, Buy Pakistani Clothing, Shalwar Suits, Kurta Shalwar, Clothes In Pakistan, Kameez Shalwar, Shalwar Kameez, Pakistani Women Wear, Cheap Flights, Hotels, Car Rentals, Cruise, Deals, Vacation Packages, Travel Comparison Tools, Trading Solution - eMarkaz

UrduPoint Network

contact us
advertisement info.
guest book
our team
feedback
privacy policy
sitemap
disclaimer

Al Razzaq Group. Parent company of UrduPoint Network

UrduPoint - pride of Pakistan
RSS Feeds (C) - UrduPoint Network. 1997-2008. All rights reserved.