ہنگری کے شاعر شانڈور پتوفی کی نظموں کے پنجابی ترجمہ "گیت حیاتی ہوئے " کی تقریب رونمائی
ہنگری کے مشہور شاعر شانڈور پتوفی کی نظموں کا پنجابی ترجمہ ثروت محی الدین نے "گیت حیاتی ہوئے " کے عنوان سے کیا ہے ۔ اس کتاب کی تقریب رونمائی ثروت محی الدین کے گھر کینٹ میں ہوئی۔ تقریب کی صدارت شفقت تنویر مرزا نے کی جبکہ مہمان خصوصی ہنگری کے سفیر مٹربیلا فزاکس تھے جبکہ کتاب کوسپانسر کرنے والے نیشنل ہینگرین آئل کمپنی مول کے ڈائریکٹر فائیر بھی موجود تھے ۔ شفقت تنویر مرزا نے ثروت محی الدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھرپور محنت سے پتوفی کی نظموں کا پنجابی زبان میں ترجمہ کیا ہے ۔ہنگری کے سفیر بیلا فزاکس نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات بہت پرانے اور مضبوط ہیں اور یہ کتاب ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔انہوں نے پتوفی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پتوفی ہنگری کے ہر شہری کے دل میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ان کی نظموں کا ترجمہ ہر زبان میں ہو چکا تھا۔سوئے پنجابی کے اس کیلئے میں نے ثروت محی الدین کا انتخاب کیا تاکہ وہ ان نظموں کا پنجابی میں ترجمہ کریں۔ ثروت محی الدین نے کچھ نظمیں سنائیں اور ترجمے کے دوران ہونے والے تجربات سے آگاہ کیا۔ تقریب میں مستنصر حسین تارڑ، بشریٰ رحمان، یاسمین حمید، ڈاکٹر یونس جاوید، فرخندہ لودھی، صابر لودھی، درانجم عارف ، شہناز مزمل، نیلم احمد بشیر، عطیہ سید، فرخ زہرہ گیلانی، مظفر غفار، اعزاز احمد آذر، کرامت بخاری، سیما پیروز، قاضی پیروز، عمرانہ مشتاق مانی اور محمد جمیل بھی شریک ہوئے ۔