جی ایچ کیو حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور سکیورٹی اہلکار چل بسا، صوابی میں سپردخاک:
راولپنڈی+ صوابی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر ۔2009ء) جی ایچ کیو راولپنڈی میں دہشتگردوں کے حملے میں شدید زخمی فوجی اہلکار اشراق علی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ اشراق علی کی نماز جنازہ انکے آبائی گاؤں میر علی ضلع صوابی میں منگل کی شام کو ادا کی گئی۔ جنازہ میں اعلیٰ فوجی سول احکام ، عوامی نمائندوں،عمائدین علاقہ اور دوست احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی شہید کو پورے فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی ہے۔ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ یاد رہے کہ اشراق علی ولد گوہر خان جی ایچ کیو کے گیٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ ہفتہ کے روز دہشتگردوں کی فائرنگ سے سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے وہ منگل کی علی الصبح راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر انتقال کر گئے اور لاش منگل کی سہ پہر انکے آبائی گاؤں میر علی ضلع صوابی پہنچائی گئی اور شام چار بجے ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ شہدا اشراق علی دس پنجاب رجمنٹ میں بحیثیت سپاہی تعینات تھے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں شہید ہونے والے فوجی افسران میں صوابی سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد دو ہو گئی ۔ ہفتہ کے روز دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد وسیم کا تعلق صوابی کے گاؤں پنج پیر جبکہ تیسرے دن بعد زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہونے والے اشراق علی کا تعلق صوابی کے گاؤں میر علی سے تھا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




