دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا پولیس کا کام نہیں،آئی جی پنجاب:
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔31مارچ 2009 ء)آئی جی پنجاب خواجہ خالد فاروق نے کہاہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا پولیس کا کام نہیں ہے پھر بھی پولیس دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہے۔لاہور میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ گزشتہ رات پنجاب بھر میں چھاپوں کے دوران پچاس کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا نہایت آسان ہے تاہم اس کے باوجود میں اگر سیکورٹی میں کوئی خامی رہی تو اس کو قبول کرتاہوں مگر اپنی فورس پر مجھے فخر ہے جس نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔خواجہ خالد فاروق نے کہا کہ پولیس عمارتوں کی حالت زار آپ کے سامنے ہے ،چھوٹے چھوٹے کمروں میں پولیس کے تھانے بنے ہوئے ،ہمارے پاس محدود وسائل ہیں۔خواجہ خالد فاروق نے کہا کہ پولیس فورس دہشت گردوں کےلئے تیار نہیں کی جاتی اور اس کا کام دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا نہیں ہوتا مگر ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مقابلہ کررہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اگر پولیس نے اچھا کام کیاہے تو اس کی تعریف کی جانی چاہئے اگر خامیاںہیں تو ان کو ٹھیک کیاجائے گا۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے کے ذ مہ داروں کا تین دن میں پتہ لگالیاگیا تھا اور جوڈیشل انکوائری میں اگر کوئی ذمہ دار قرار پایا تو اس کے کارروائی کریںگے۔خواجہ فاروق نے کہا کہ پولیس کو منظم کرنے کےلئے چار کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر درکار ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




