طالبان نے بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہونے کے سی آئی اے کے الزام کی تردید کردی:
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2008ء) مقامی طالبان کی تنظیم نے امریکہ خفیہ ادارے سی آئی اے کی طرف سے لگائے جانے والے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے جس میں شدت پسندوں کے سربراہ بیت اللہ محسود کو سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے ہفتہ کو کسی نامعلوم مقام سے بی بی سی کو ٹیلی فون کر کے بتایا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی ذمہ داری بیت اللہ محسود پر ڈالنا کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی عسکریت پسندوں پر اس قسم کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے سابق وزیراعظم کی ہلاکت کے حوالے سے جو نیا الزام عائد کیا ہے اس کا مقصد ان کے بقول امریکہ کی جانب سے قبائل کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے محض بہانہ تلاش کرنا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور اب بھی صاف الفاظ میں واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بینظیر بھٹو کے قتل میں نہ تو بیت اللہ محسود ملوث ہیں اور نہ تحریک طالبان کا کوئی اور فرد، ہمارے خلاف صرف الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کا حیقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔‘


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے