بے نظیر بھٹو کو جدید لیزر گن سے نشانہ بنایا گیا‘ زخم آخری وقت تک تازہ تھا۔شیری رحمان۔۔۔ دھماکے سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے انہیں میری گاڑی کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا:
نوڈیرو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 30. دسمبر2007 ) پاکستان پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کو حادثہ قرار دینا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترداف ہے محترمہ بے نظیر بھٹو کو جدید لیزر گن سے نشانہ بنایا گیا- ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے ٹی وی پر جاری ہونیو الی فوٹیج میں دیکھا ہے کہ کچھ لوگ محترمہ پرگن تان رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محترمہ کو ایک جان لیوا زخم لگا جو جدید لیزر گن کا ہو سکتا ہے محترمہ کا زخم آخری وقت تک تازہ تھا اور بار بار اس سے خون بہہ رہا تھا انہوں نے کہا کہ ہسپتال پہنچے تو محترمہ جاں بحق ہو چکی تھیں شیری رحمان نے بتایا کہ دھماکے سے محترمہ بے نظیربھٹو کی گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے اور انہیں میری گاڑی کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا بے نظیر بھٹو کے خون سے ہم سب کے کپڑے لت پت ہو گئے تھے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ کہنا کہ یہ حادثہ تھا یا محترمہ کو گاڑی کا لیور لگا ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت کے رد عمل کا بہت غم ہے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں امن وامان چاہتی ہے لیکن ایسی باتوں سے غم و غصے کی لہر مزید بڑھے گی انہوں نے کہا کہ حکومت شاہد سمجھتی ہے کہ بے نظیر کے قتل کو حادثہ قرار دینے سے صورتحال بہتر ہو جائے گا مگر ایسا نہیں ہو گا بلکہ ایسے رد عمل سے صورتحال مزید کشیدگی کی جانب جائے گی-انہوں نے کہا کہ محترمہ کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا بھٹو کی شہادت کے بعد محترمہ نے پیپلزپارٹی کو متحد کیا انہوں نے کہاکہ بے نظیر نے جمہوریت کی بحال پارٹی کو متحد رکھنے اور فعال بنانے کیلئے ایک طویل جدوجہد کا سفر طے کیا ہے اور اس مرتبہ بھی ان کی خواہش تھی کہ فتح کے بعد ملک میں امن قائم اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی ہے اور ہمارا مقصد ہمیشہ سے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح محترمہ نے آمریت اور انتہا پسندی کو چیلنج کیا کوئی دوسری پارٹی نہیں کر سکتی انہو ں نے کہا کہ محترمہ کا ہمیشہ سے موقف تھا کہ یہ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے اور انہیں عوام کیلئے اس کا سامنا کرنا ہے انہوں نے کہاکہ بے نظیر کی سیاست یہ تھی کہ ہمیشہ میدان میں رہا جائے-


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے