بے نظیر بھٹو کو پنجاب نے نہیں مارا‘ دشمنوں نے شکست دیکھ کر راستے سے ہٹایا‘آصف زرداری:
نوڈیرو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 30. دسمبر2007 ) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کے شوہر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے دشمنوں نے اپنی شکست دیکھ کر راستے سے ہٹایا ہے بے نظیر کے سوئم کے موقع پر سوگواروں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میرے مولا مجھے اور بے نظیر کے چاہنے والوں کو ہمت دے کہ ہم یہ غم سہہ سکیں انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں کا امتحان ہوتا ہے جن کا ایمان پختہ ہو آپ لوگوں کا ایمان پختہ ہے اس لیے اللہ نے اتنا بڑا وزن ڈالا ہے انہوں نے کہاکہ وہ عوام سے عہد کرتے ہیں کہ بھٹو زندہ ہے اور زندہ رہے گا انہوں نے کہا کہ کتنے بھٹو مارو گے ہم سب مرنے کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہاکہ ہر گھر سے بھٹو نکلے گا اور پیپلزپارٹی ہمیشہ قائم رہے گی اور بے نظیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اس سے قبل تعزیت کرنے والوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کو پنجاب نے نہیں مارا پنجاب کے لوگوں کو بھی اتنا ہی غم ہے جتنا دکھ سندھ کے عوام کو ہے اس موقع پر انہوں نے کارکنوں کو پنجاب کے خلاف نعرے بازی سے روک دیا اور تحمل و بھائی چارے کے فروغ کی تلقین کی-


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے