ملزم اعتزاز شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ مزید پینتیس خود کش بمبار تیار ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی:
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری۔2008ء)سانحہ لیاقت باغ میں اعتراف جرم کرنے والے ملزم اعتزاز شاہ نے اقبالی بیان میں کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پر خود کش حملہ میں بیت اللہ محسود ملوث ہے ۔ جس نے شمالی وزیرستان کے مختلف مقامات پر خود کش بمباروں کو ٹریننگ دینے کے کیمپ بنا رکھے ہیں ۔ اس بات کا انکشاف ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی چوہدری عبدالمجید نے راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم اعتزاز شاہ نے دوران تحقیقات کے بعد عدالت میں دئیے جانے والے بیانات میں ملوث ساتھیوں اور خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے سعید عرف بلال کے متعلق تمام تفصیلات بتائیں اور محترمہ بے نظیر بھٹو پر خود کش حملے کی منصوبہ بندی سمیت اکوڑہ خٹک اور شمالی وزیرستان کے جہادی کیمپوں کے متعلق بتایا ہے ۔ چوہدری عبدالمجید نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو پر حملہ کرنے کی ذمہ داری اعتزاز شاہ پر عائد کی گئی لیکن بعد میں پلان کے اندر سعید عرف بلال شامل ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اعتزاز شاہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ مزید 35خود کش بمبار بیت اللہ محسود نے تیار کررکھے ہیں ۔ اعتراف جرم کرنے والے پانچویں ملزم عبدالرشید نے اقبالی بیان میں بتایا ہے کہ سانحہ لیاقت باغ میں ملوث نصراللہ نامی خود کش بمبار ایک اور خود کش حملے میں ہلاک ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ میں ملوث نو مزید ملزمان کی گرفتاری باقی ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے