اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، شیری رحمان:
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری۔2008ء)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس پر پیپلز پارٹی کے وکلاء غور کررہے ہیں جس کے بعد سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی یا پھر پارٹی کی ہائی کمان اپنا موقف جاری کرے گی ۔ بلاول ہاوٴس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کے قتل کی وجہ سے زیادہ ان محرکات کو جاننا چاہتی ہے جس کی بناء پر انہیں شہید کیاگیا ۔ پیپلز پارٹی کو انصاف چاہئے جس کیلئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ اس حوالے سے ابہام حکومت نے پیدا کیا ۔امریکی سینیٹ خارجہ کمیٹی کے چیئرمین جو بائڈن اورامریکی صدارتی امیدوار براک اوباما کی جانب سے پاکستان میں شفاف انتخابات اور حقیقی جمہوریت کے قیام پر قرار داد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹرز نے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید کی ہے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے