کراچی اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کے تما م سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے، کے ایس ای100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 29458پوائنٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

جمعرات 17 اپریل 2014 06:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء)کراچی اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کے تما م سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ، بدھ کوزبردست کاروباری تیزی کے ساتھ کے ایس ای100انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 29458پوائنٹ کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا جبکہ73ارب سے زائد روپے کے اضافے سے مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم پونے اکہتر کھرب روپے سے تجاوز کرگیا ،کاروباری لین دین بھی منگل کی نسبت 1کروڑ شیئرز زائد رہا ۔

تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی کی بولی کے حوالے سے متضاد اطلاعات پر وفاقی وزیر خزانہ کی وضاحت اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے کے توقعات کے پیش نظر ملکی سرمایہ کار ایکبار پھر مارکیٹ میں متحرک دکھائی دیئے جبکہ روپے کی قدر میں استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی جانب سے فاریکس ایکس چینج سے سرمائے کے انخلاء اور ایکویٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی بدولت کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ نے مستحکم انداز میں گروتھ کیا.

جس کے سبب کراچی اسٹاک مارکیٹ نے بلند ترین سطح کو چھو لیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا جبکہ آنیوالے کوارٹر کے نتائج امید سے بڑھ کر آنے کی توقعات پر سرمایہ کار سرگرم دکھائی دیئے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال نے بھی مارکیٹ کا مورال بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی صورتحال بہتر رہی تو مارکیٹ بدستور تیز رہے گی اور جیسے جیسے معاشی حالات بہتر ہوں گے مارکیٹ نئے ریکارڈ بناتی رہے گی۔ر یکارڈ پر ریکارڈ بناتی کراچی اسٹاک مارکیٹ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیئے پرکشش ہو چکی ہے ۔

بدھ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 362.38پوائنٹ کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے کے ایس ای100انڈیکس 29095.77پوائنٹ سے بڑھ کر29458.15پوائنٹ ہو گیا اسی طرح 258.79پوائنٹ کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 20569.62پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 21801.08پوائنٹ سے بڑھ کر22030.33پوائنٹ تک جا پہنچا ۔

کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 73ارب55کروڑ58لاکھ53ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 70کھرب9ارب34کروڑ48لاکھ97ہزار2روپے سے بڑھ کر70کھرب82ارب90کروڑ7لاکھ50ہزار664روپے ہو گیا ۔مارکیٹ میں بدھ کے روز 39کروڑ16لاکھ32ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ منگل کو38کروڑ66لاکھ65ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر381کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 205کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،145میں کمی اور31کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے جہانگیر صدیق کمپنی 3کروڑ34لاکھ ،این آئی بی بینک لمیٹڈ 3کروڑ33لاکھ ،جے ایس بینک لمیٹڈ 2کروڑ6لاکھ ،بینک الفلاح 1کروڑ75لاکھ اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ74لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے رفحان میظ کے بھاؤ میں521.50روپے اور فلپ مورس پاک کے بھاؤ میں 35.26روپے کا اضافہ جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ میں96.98روپے اور سنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں53.08روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :