پھل والا زردہ
اشیاء:
چاول آدھ کلو
چینی ایک پاؤ
دودھ دو چھٹانک
کھویا دو چھٹانک
بالائی دو چھٹانک
آم آدھا کلو
گھی ایک پاؤ
چھوہارے چار عدد
گری بادام ایک چھٹانک
مغز اخروٹ ،ناریل اور کشمش آدھی آدھی چھٹانک
کیوڑا ایک بڑا چمچ
مشک چند قطرے
پسی ہوئی زعفران آدھی چٹکی
ترکیب:
چاول اچھی طرح سے دھو کر بھگو دیں پتیلے میں ڈیڑھ کلو پانی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ پانی جوش پر آئے تو بھیگے ہوئے چاول نتھار کر ڈال دیں۔ تین کنی پر ابل جائیں تو نچوڑ کر طباق میں ڈال دیں۔ پانی خشک ہونے دیں۔ آم کا گودا، بالائی، کھویا اور جوش کھایا ہوا دودھ ایک پتیلے میں ڈال کر آپس میں حل کر لیں چینی زعفران اور کیوڑا بھی ڈال دیں۔ دیگچے میں پہلے چاولوں کی ایک تہ لگائیں۔ پھر آم، بالائی اور کھوئے کے ملغوبے کی تہ جمائیں، اسی طرح کرتے رہیں حتیٰ کہ دونوں چیزیں سما جائیں۔ فرائنگ پین میں گھی گرم کر یں، الائچیاں لونگ ، بادام ، پستہ، اخروٹ ناریل اور کشمش ڈال کر تل لیں اسے چاولوں پر انڈیلیں اور ہلکی آنچ پر دم لگا دیں چند منٹ تک رہنے دیں۔ اتار یں اور دس منٹ تک پڑ ارہنے دیں۔ حسب پسند ورق لگائیں، میوہ سجائیں اور شوق فرمائیں۔