کھڑے مصالحے کا قورمہ
اشیاء:
گوشت ایک کلو
دہی آدھا کلو
گھی آدھا کلو
ثابت گرم مصالحہ تقریباً ایک چھٹانک
پیاز ایک کلو
لال مرچیں بیس عدد
نمک حسب ذائقہ
ترکیب:
پیاز کو باریک لچھوں کی شکل میں کاٹ لیں۔ پھر انہیں پتیلی میں ڈال کر نمک مرچ گرم مصالحہ(ثابت) مع گھی اور گوشت ڈال دیں۔ دہی کو خوب اچھی طرح پھینٹ کر ان اشیاء کے اوپر ڈالیں اور پتیلی کو بند کر کے تقریباً دو گھنٹے تک اسی حالت میں رہنے دیں۔ اتنا وقت گزر جانے کے بعد پتیلی آگ پر رکھیں اور ہلکی آنچ رہنے دیں۔ پانی نہ ڈالیں۔ دہی جو پانی چھوڑے گا وہی گوشت کو گلا دینے کے لئے کافی ہوگا۔ پتیلی کا ڈھکنا سالن پکنے کے دوران میں اٹھا اٹھا کر دیکھنا چاہیے کہ ابھی دہی خشک ہوئی ہے یا نہیں۔ جب دہی خشک ہو جائے تو پتیلی چولہے پر سے اتار لیں۔ چند منٹ بعد دوبارہ چولہے پر چڑھا کر گوشت کو بھوننا شروع کر یں۔ جب سالن گھی چھوڑنے لگے تو اتار لیں۔