ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء کے مقدمہ کی سماعت ملتوی‘ عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ کو آئندہ تاریخ پر عدالت میں طلب کرلیا:
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6فروری۔2010ء) جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی ایسٹ ذبیحہ خٹک نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء کے مقدمہ کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے مدعیہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور تفتیشی افسر کو عدالت میں طلب کرلیا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ہفتہ کو عدالت میں پیش ہونا تھا۔ شہر کے حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوسکیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اغواء کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 773/2009 زیر دفعہ 365/34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج ہے۔ پولیس نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت مہندی اور بیٹے احمد کا بیان ریکارڈ اور موقع معائنہ کرنے کے بعد عدالت میں اے کلاس کی رپورٹ نامعلوم ملزمان کے خلاف داخل کی ہے جس پر عدالت نے مدعیہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ کے وکیل قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے عدالت کو درخواست دیدی تھی کہ عدالت تفتیشی افسر کو ڈاکٹر عافیہ کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مغویہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




