نواز شریف فرینڈلی نہیں بلکہ مجبور اپوزیشن ہیں،عمران خان:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28فروری۔2010ء)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کی پیروی کے لئے خود امریکا جانے کو تیار ہیں۔وہ ڈاکٹر عافیہ کی بگرام ایئر بیس پر قید کا انکشاف کرنے والی برطانوی صحافی ایوون ریڈلی کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی مالی امداد کے علاوہ کسی قسم کی قانونی امداد نہیں کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف امریکی عدالت میں ٹرائل غیر قانونی ہے۔این اے ایک سو تئیس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تعلیم، روزگار، معاشی اور سماجی انصاف میسر نہ آنے پر عوام کی غربت اور مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ امریکا کی حمایت پر مجبور ہیں۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ جمہوری حکومت دو برس سے اقتدار میں ہے لیکن اس نے اب تک غریب عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے مالی اثاثے بیرون ملک ہونے کے باعث فرینڈلی نہیں بلکہ مجبور اپوزیشن ہیں،نواز شریف کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے باتیں نہیں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہئیے۔عمران خان نے کہا کہ حکومتی وکیلوں نے مفادات کی خاطر ڈاکٹر عافیہ کے کیس کو لڑا ہی نہیں اس لیے اب نواز شریف کو حقیقی اپوزیشن کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کی بیٹی کو واپس لانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور سیاستدان مل کر امریکی عوام کو ڈاکٹر عافیہ پر ڈھائے گئے مظالم سے آگاہ کیا جانا چاہئیے ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




