ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی ہو نہار اور مظلوم بچی ہے جس کے ساتھ پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں‘نواز شریف،زخم آمر کے لگائے ہوئے ہیں جس کا مداوا حکومت کو بھر پور انداز میں کرنا چاہیے تھا ،قائد مسلم لیگ ”ن“:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2010ء)ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی ہو نہار اور مظلوم بچی ہے جس کے ساتھ پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں اور مسلم لیگ ن اسکی سفارتی اور اخلاقی مدد کے لئے بھرپور کوشش کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فو زیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا جو ان سے ملنے ان کی رہائش گاہ رائے ونڈ آئیں تھیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا زخم بھی آمر کے لگائے ہوئے زخموں میں سے ایک ہے جس کا مداوا حکومت کو بھر پور انداز میں کرنا چاہیے تھا مگر بد قسمتی سے دوسرے قومی معاملات کی طرح حکومت اس میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکی ۔انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹیوں کی عزت کا تحفظ اور ان کو انصاف دلانا ہم سب کا فرض ہے لیکن حکومت کے اس سلسلے میں فرائض کہیں زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گے ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اس یقین دہانی پر مسلم لیگ ن کے قائد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ بہت نا انصافی ہوئی ہے جس کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




