قومی اسمبلی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو مجرم قرار دینے کے حوالے سے تحریک التوا بحث کیلئے منظور کر لی:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2010ء)قومی اسمبلی نے امریکی عدالت کی طرف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو مجرم قرار دینے کے حوالے سے تحریک التوا بحث کیلئے منظور کر لی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نوازکے رکن برجیس طاہر نے تحریک التوا پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جیوری نے معصوم خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو مجرم قرار دیدیا ہے اس سے پوری پاکستانی قوم میں اضطراب پایا جاتا ہے، معمول کی کارروائی روک کر اس کو زیر بحث لایا جائے۔ ماری ومیمن نے بھی اسی حوالے سے تحریک التوا پیش کی۔ حاجی روزن الدین نے بھی تحریک پیش کی اور کہا کہ امریکی جیوری کا فیصلہ افسوسناک ہے، ایوان کی معمول کی کارروائی روک کر اس معاملہ کو زیر بحث لایا جائے۔ طاہرہ اورنگزیب نے بھی اسی بارے میں تحریک التوا پیش کی اور کہا کہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت خورشید شاہ نے اس کی مخالفت نہیں کی اور کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے اس پر اس تحریک کو منظور کر لیا گیا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




