لاہور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور عافیہ صدیقی کو مجرم قرار دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستانی قوم کی عزت ہے حکومت رہائی کیلئے محض زبانی جمع خرچ سے کام نہ لے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں پروفیسر حافظ محمدسعید:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری۔2010ء)دینی و سیاسی جماعتوں کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اورڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیے جانے کے خلاف گزشتہ روز بھی ملک بھرمیں احتجاج جاری رہا، متعدد مقامات پر مظاہرے ، جلسوں اور حرمت رسولﷺ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلہ میں محض زبانی جمع خرچ سے کام نہ لے بلکہ عملی اقدامات کرتے ہوئے پاکستان سے نیٹو کی سپلائی لائن کاٹ دی جائے وطن عزیز سے امریکی اڈے ختم کئے جائیں اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھی عالمی سطح پر جرأتمندانہ کردار ادا کیا جائے تحریک حرمت رسولﷺ پاکستان سمیت دیگر دینی و سیاسی جماعتوں نے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلہ میں حکمرانوں پر عملی اقدامات کرنے کیلئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک قوم کی بیٹی کو رہا نہیں کیا جاتاوہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی جماعةالدعوة نے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے خلاف امریکی جیوری کے فیصلہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنان و مقامی ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستانی قوم کی عزت ہے ان کی توہین کر کے امریکہ نے پوری امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارا ہے امریکی جیوری کی جانب سے پاکستان کی بیٹی کو مجرم قرار دینے سے امریکی عدلیہ کی اسلام دشمنی کا پول ایک بار پھر کھل گیا ہے ایسی اشتعال انگیز حرکتیں خود مسلمانوں کو جہاد کی دعوت دے رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ان کے لواحقین کے جذبہ ایمانی، ثابت قدمی اور استقامت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان سے اغواء کر کے امریکہ لے جایا گیا اس کے ذمہ دار پاکستانی حکمران ہیں انتہائی افسوسناک بات ہے کہ امریکی جس کو جب چاہتے ہیں یہاں سے اٹھاکر لے جاتے ہیں کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں ہے ڈالروں کے لالچ نے حکمرانوں کی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے حالیہ فیصلہ کے بعد بھی حکومتی ذمہ داران کی جانب سے محض بیان بازی سے کام لے کر قوم کو مطمئن کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں حافظ محمد سعید نے کہا کہ حکمران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے مخلص ہیں توامریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم اتحاد سے باہر نکل آئیں ، افغان بھائیوں کے قتل عام کے لئے پاکستان سے دی جانے والی نیٹو کی سپلائی لائن کاٹ دی جائے اور امریکہ کو واضح طور پر یہ کہہ دیا جائے کہ ہم اس خطہ میں تمھاری جنگ نہیں لڑ سکتے دریں اثناء تحریک حرمت رسول ﷺپاکستان کے رہنماؤں مولٰنا امیر حمزہ ، ڈاکٹر حافظ محمد عاکف سعید، فرید احمد پراچہ، اعجاز احمد چوہدری ، مولٰنا محمد امجد خان، سید نوبہار شاہ، علامہ علی غضنفر کراروی، مولٰنا عبدالرؤف ملک، حافظ سیف اللہ منصور، قاری محمد یعقوب شیخ ، مولٰنا سیف الدین سیف، ملک بشیر احمد نظامی، حافظ خالد ولید،مولٰنا عاصم مخدوم و دیگر نے بھی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی توہین کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے خلاف امریکی عدلیہ کا فیصلہ انصاف کا قتل عام ہے پاکستانی حکمرانوں نے امریکہ کی خوشنودی کیلئے پورے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا اور امریکا اس کا یہ صلہ دے رہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو عدالت کے ذریعے سزا دلوائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کوامریکیوں نے قید کررکھاہے ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اورحکمران امریکیوں سے بھیک مانگتے پھرتے ہیں حکمرانوں کومسئلہ کی سنگینی کی نوعیت کوسمجھناچاہئے اور ان کی رہائی کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے مسئلہ پر بھی حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر بھرپور احتجاج کرنا چاہئے اور اقوام متحدہ سے یہ قانون پاس کروانے کی کوششیں کرنی چاہئیں کہ ہر ملک میں تما م انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا موت مقرر کی جائے تحریک حرمت رسولﷺ ملک بھر میں مسلمانوں کو متحد کرنے کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران امریکہ کی کاسئہ لیسی چھوڑ دیں قومی مفادات کی مطابق پالیسیاں اختیار کی جائیں اور ملک میں قرآن و سنت کو نافذ کیا جائے سبھی مسائل حل ہو جائیں گے اور امریکہ سمیت کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




