امریکی سفارتخانے کا ڈاکٹر عافیہ کے بچوں کی بازیابی کیلئے اہل خانہ سے رابطہ برطانوی ریڈیو،ڈاکٹر فوزیہ کا امریکی سفارتخانے اور کسی امریکی سفارتکار کے ساتھ رابطے سے انکار:
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2008ء)پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے امریکہ میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بچوں کی بازیابی کیلئے پاکستان میں مقیم ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے تاہم تاہم ڈاکٹر فوزیہ نے امریکی سفارتخانے اور کسی امریکی سفارتکار کے ساتھ رابطے سے انکار کیا ہے برطانوی ریڈیوکے مطابق کراچی میں مقیم صدیقی خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی بڑی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ہفتہ کواسلام آباد میں امریکی سفارتکاروں سے ڈاکٹر عافیہ کے بچوں کی بازیابی کے حوالے سے بات کی۔ تاہم ڈاکٹر فوزیہ نے امریکی سفارتخانے اور کسی امریکی سفارتکار کے ساتھ رابطے سے انکار کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں تعینات امریکی پولیٹیکل قونصلر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے ڈاکٹر عافیہ اور ان کے بچوں کی پاکستان واپسی کے حوالے سے باضابطہ استفسار کیا گیا تھا۔ مارچ 2003 میں جب عافیہ صدیقی کراچی سے لاپتہ ہوئی تھیں تو ان کے ہمراہ ان کے تین بچے بھی تھے جن میں سب سے چھوٹے بیٹے کی عمر ایک برس اور بڑے بیٹے کی عمر آٹھ برس تھی۔ ان کی بیٹی کی عمر اس وقت تقریباً تین برس بتائی جاتی ہے۔ اس دوران ان کی بیٹی کے بارے میں صرف اس نوعیت کی غیرمصدقہ اطلاعات آتی رہیں کہ وہ افغانستان میں غیرملکی تعاون سے چلنے والے لاوارث بچوں کے مرکز میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فوزیہ کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے طلب کیا اور انہیں مبینہ طور پر افغانستان میں موجود امریکی شہریت کے حامل ان دونوں بچوں کو تلاش کرنے کے بارے میں کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ عافیہ صدیقی کی گمشدگی اور گرفتاری کے بعد سے صدیقی خاندان کے ساتھ امریکہ کی جانب سے یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے تاہم ڈاکٹر فوزیہ کی امریکی سفارتخانے آمد اور اس دوران ہونے والی گفتگو کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ استفسار پر امریکی سفارخانے کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس بارے میں تصدیق یا تردید نہیں کریں گے کیونکہ یہ ایک امریکی شہری کی نجی زندگی اور تحفظ کا معاملہ ہے جس کے بارے میں وہ امریکی قانون کے تحت میڈیا کو کوئی بھی اطلاع دینے سے قاصر ہیں۔ اسلام آباد میں موجودگی کے دوران ڈاکٹر فوزیہ وزارت داخلہ بھی گئیں جہاں سیکرٹری داخلہ کمال شاہ اور دیگر افسران کے ساتھ ان کی ملاقات میں بھی انہی بچوں کی بازیابی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ دفتر خارجہ کے ایک افسر نے بھی اسی حوالے سے ڈاکٹر فوزیہ سے تبادلہ خیال کیا ہے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




