کراچی،موسم گرما میں بدترین لوڈشیڈنگ ہوگی،کے ای ایس سی:
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔17مارچ۔ 2010ء) کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تابش گوہر نے کہاہے کہ موسم گرما میں شہر میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔سول اسپتال کراچی کو اضافی بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تابش گوہر کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی کوتیل اور گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو موسم گرما میں شہریوں کوروزانہ 8سے 10گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تابش گوہر نے کہا کہ کے ای ایس سی کے زیادہ تر پاور پلانٹ گیس سے چلتے ہیں اور انہیں 225سے 230ملین کیوبک فٹ گیس کی ضرورت پڑتی ہے۔ مالی بحران کے باعث کے ای ایس سی روزانہ پی ایس او کو 10 کروڑ روپے ادا نہیں کرسکتی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے ای ایس سی کوبجلی کی پیداوار کے لئے پاور پلانٹس چلانے کے لئے یومیہ دس کروڑ روپے کے 2ہزار ٹن فرنس آئل کی بھی ضرورت پڑتی ہیاور پی ایس او کو چاہیے کہ وہ 45دنوں کا ٹائم دے۔ ان کا کہناتھا کہ پی ایس او کو آٹھ ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے اور مختلف اداروں سے 156 ارب روپے وصول کرنے ہیں اور یہ روٹی یا انڈے خریدنے والی بات نہیں ہے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




