اگلا صفحہ پچھلا صفحہ

"بجلی کا بحران، عوام پریشان" پر مزید کوریج

بجلی نہ پانی نہ کاروبار، اتحادی حکمران عوام کو کس ناکردہ جرم کی سزا دے رہے ہیں ، چودھری پرویزالٰہی:
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جون ۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی ر ہنما چودھری پرویزالٰہی نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ باالخصوص پنجاب میں غیر علانیہ طویل بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیداوار کم کر کے اتحادی حکمران لوگوں کو کس ناکردہ جرم کی اتنی سخت سزا دے رہے ہیں۔ عوام کو بجلی وپانی سے محروم رکھنے، کاروباربند کرانے اور جان بوجھ کر گرمی کے اس عذاب میں مبتلاکرنے کا مقصد اپنے مخصوص مفادات کے حصول کیلئے RPP پلان کی تکمیل ہے۔ وہ پیر کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت نے بجلی کمپنیوں کو ادائیگی روک کر واجبات کی رقم 80 ارب روپے سے زائد کردی ہے اور واجبات نہ ملنے کی وجہ سے بجلی کمپنیاں اپنی پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر رہیں اور یہ سب کچھ سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت کیا جا رہا ہے ورنہ موجودہ استعداد کے مطابق بجلی پیدا کرنے سے صنعتی، زرعی، گھریلو اور کاروباری ضروریات باآسانی پوری ہو سکتی ہیں اور کسی بھی شعبہ میں لوڈشیڈنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر پی پی یعنی نام نہاد بیرونی کمپنیوں کے ذریعہ 22 فیصدمنافع پر کرائے کے بجلی گھروں کا منصوبہ بظاہربہت مفیدہے لیکن اگر سنجیدگی سے اس کے دوررس نتائج اور پلان تیار کرنے والوں کے عزائم کا جائزہ لیا جائے تو پھر اس کا حتمی مقصد محض چند افراد کو غیر معمولی مالی فائدہ پہنچانا نظر آتا ہے۔ ا سی طرح حکومت کے ذمہ بجلی کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کا مقصد بھی مخصوص مالی مفادات کی تکمیل کے سوا اور کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس حکومتی کھیل سے عام آدمی جس عذاب کا شکار ہے وہ تو ہے لیکن صنعتی، کاروباری اور زرعی شعبہ کو جو نقصان پہنچ رہا ہے اس کے باعث ملکی معیشت بری طرح تباہ ہو جائے گی اور اس کی بحالی کا امکان معدوم ہو جائے گا۔ اس لئے اتحادی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مخصوص مالی مفادات کی تکمیل کیلئے لوگوں کو گرمی میں تڑپائیں نہ ملکی وقومی مفاد کو نظرانداز کریں۔

29/06/2009 16:48:52 : وقت اشاعت
پچھلی خبر مركزی صفحہ اگلی خبر
تمام خبریں
یہ صفحہ اپنے احباب کو بھیجئیے
محفوظ کیجئے
پرنٹ کیجئے