واپڈا کی سات ضلعی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا سے رجوع کرلیا ، آئندہ مالی سال 2009-10ء کیلئے آٹھ سے 19فیصد تک قیمتوں میں اضافے کی استدعا:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی ۔2009ء)واپڈا کی سات ضلعی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے اور آئندہ مالی سال 2009-10ء کیلئے آٹھ سے 19فیصد تک قیمتوں میں اضافے کی استدعا کی گئی ہے ۔گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی طرف سے 12فیصد ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے دس پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے آٹھ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) نے12 لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) نے 10 کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے 11اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) نے19فیصد اضافے کی استدعا کی ہے ۔نیپرا نے اس مقصد کیلئے گزشتہ روز عوامی سماعت مکمل کرلی ہے ۔جس میں صوبائی حکومتوں عوامی اداروں اور تاجربرادری نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ نیپرا کی طرف سے ان کمپنیوں کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور کمپنیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے آپریشنل نقصانات اور دیگر اخراجات میں کمی پر توجہ دیں اورواجبات کی وصولی پر بھی توجہ دی جائے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




