بجلی کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو سترہ ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔۔ پرویزاشرف۔۔ 2015ء تک توانائی کے شعبہ میں 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی:
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16نومبر2008)وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہےکہ حکومت کے پاس موجودہ مالیاتی بحران سے نکلنے کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا۔ جموں وکشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں فلیٹس کی قرعہ اندازی اورچابیوں کی مالکان کو فراہمی کےموقع پر صحافیوں سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں کے خلاف کوئی بھی انتہائی اقدام پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے. وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہی کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو سترہ ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا تاہم عوامی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ۔ انکا کہنا تھا کہ 2015ء تک توانائی کے شعبہ میں 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی پوری کرنے کے لئے حکومت جنگی بنیادوں پر انتظامات کر رہی ہے اور ملک میں لوڈ شیڈنگ آئندہ سال دسمبر تک ختم ہوجائے گی


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




