10 Nukati Sehat Bakhsh Manshoor - Article No. 1028

10 Nukati Sehat Bakhsh Manshoor

دس نکاتی صحت بخش منشور - تحریر نمبر 1028

کھائی ہوئی غذا کو بہتر طور پرجزوبدن بنانے کے لیے یہ امر نہایت ضروری ہے کہ آپ اپنے جسم سے خوب ڈٹ کرکام لیں۔ بامقصد دوڑ بھاگ اور جسمانی کارکردگی اور سرگرمی کے باعث آپ کی غذا (Consume digest) ہو کر اس کی زیادہ سے زیادہ اکائیں جزوبند بنیں گی ۔

ہفتہ 29 اکتوبر 2016

اس قدر کام کریں کہ پسینہ آجائے :
کھائی ہوئی غذا کو بہتر طور پرجزوبدن بنانے کے لیے یہ امر نہایت ضروری ہے کہ آپ اپنے جسم سے خوب ڈٹ کرکام لیں۔ بامقصد دوڑ بھاگ اور جسمانی کارکردگی اور سرگرمی کے باعث آپ کی غذا (Consume digest) ہو کر اس کی زیادہ سے زیادہ اکائیں جزوبند بنیں گی ۔ آپ اس قدر کام کریں کہ آپ کو پسینہ آنے لگے ۔
کام کرنے کے دوران اور کام کرچکنے کے بعد آپ کو ایک خوشگوار اطمینان کااحساس حاصل ہوگا ۔
کھانے کی مقدار کو کم کردیں لیکن ہر تین گھنٹوں کے بعد کچھ کھائیں :
آپ صبح سے شام تک اپنے کھانے کی کل مقدار کو دوتہائی کردیں لیکن یہ بھی متوازی طور پر اہتمام کریں کہ آپ تین کی بجائے چھ بار غذالیں۔ آپ ہر بار اپنی غذا میں نمایاں طور پر تبدیلی لائیں۔

(جاری ہے)

کچی اور ادھ پکی سبزیاں، پھل، ڈرائی فروٹ ، سلاد بسکٹ، انڈہ، گوشت ، مچھلی ، دالیں ، اجناس ، تمام قسم کی غذاؤں پر مبنی ایک ہفتہ اور چارٹ تیار کرلیں تاکہ آپ کو بہتر طور پر ” غذائیت “ حاصل ہوسکے ۔ اس چارٹ میںآ پ جسم کے ضروری وٹامنز اور پروٹینز پر مبنی غذاؤں کی ترجیح دیں تاکہ آپ میں مطلوبہ توانائی کی مقدار ہمیشہ قائم رہے ۔
اپنے جذبات ومحسوسات کا کھل کراظہار کیجیے :
آپ اپنے چہرے اور طرز عمل پر سنجیدگی طاری نہ کریں، اس طرح نہ تو دوسرے لوگوں پر آپ کی ” دانشوری“ کا رعب پڑے گا اور نہ ہی آپ کی اپنی ذات کو کسی بھی پہلو سے فائدہ حاصل ہوگا۔
آپ اپنی قلبی، جسمانی اور ذہنی کیفیات ، جذبات اور محسوسات کااظہار کھل کرکیا کریں۔ آپ کی زبان اور چہرے سے آپ کے قلب وذہن کی حالت عیاں ہونی چاہیے۔ یہی سچی، کھری اور خالص حکمت عملی ہے۔ آپ کے فقا، افرادخانہ، رشتہ دار اور شرکاء کار آپ کی ہرخوشی اور غمی میں برابر کے شریک ہوں گے ۔ آپ واقعی محسوس کریں گے کہ وہ آپ کے کس قدر قریب ہیں اور آپ ” تنہا “ نہیں ہیں ۔

اپنے ذوق جمال میں خوب اضافہ کریں :
آپ اپنے انداز کی جمالیاتی حس اور ذوق میں اضافہ کریں اور اسے اپنے عمل، رویے اور طرز عمل سے اس کا برملااظہارکریں۔ آپ کی شخصیت ، لباس، گھر دفتر اور آپ کے پورے ماحول میں جمالیاتی تاثر آپ کے ذہن ، وقلب کو ہروقت تروتازہ اور خوشگوار رکھے گا۔ آپ کو زندگی کا صحیح لطف آنے لگے گا۔ آپ کی نفاست، عمدگی ، شائستگی، قرینہ ، آداب اوررکھ رکھاؤ دیکھ کر لوگ آپ پررشک کرنے لگیں گے، وہ آپ کے قریب ترہو جائیں گے۔
آپ کے باطن میں ایک تفاخر اور اطمینان کااحساس جنم لینے لگے گا اور آپ ایک روحانی خوشی محسوس کریں گے ۔
سیر، ورزش ، تفریح میں باقاعدگی پیدا کریں :
آپ صبح کو ورزش اور سیر، شام کو چہل قدمی اور کوئی تفریح ، ان چاروں سرگرمیوں کو آپ اپنے معمولات زندگی میں باقاعدگی سے شامل کرلیں اور ہرروزاس کی عملی طور پر پابندی کریں۔
ان مفید سرگرمیوں کی بدولت نہ صرف آپ جسمانی طور پر چست وچوبندرہیں گے بلکہ آپ قلبی اور ذہنی طور پر خوش ، مطمئن اور تازہ رہیں گے ۔ آپ کی ہر غذا بہتر طور پر جزوبدن بنے گی اور آپ کو پرسکون نیندآنے لگے گی۔ آپ کے اندر نئی امنگ پیداہوگی، آپ کی قوت تخلیق کو جلا حاصل ہوگی اور آپ کے خیالات میں مثبت پہلو غالب آنے لگے گا۔
گائیکی ، موسیقی اور رقص جیسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں :
آپ فنون لطیفہ یافنون مفیدہ سے ضرور تعلق رکھیں ۔
آپ مصوری، پینٹنگ ، گائیکی اور موسیقی یارقص جیسے لطیف اور ذی جمال مشاغل میں عملی دلچسپی لیں۔ یہ تفریحی اور ثقافتی سرگرمیاں نہ صرف آپ کے ذہن میں طمانیت ،سرور اور سکون کی کیفیت میں اضافہ کریں گی بلکہ آپ جسمانی طور پور بھی چستی اور خوشگواری محسوس کریں گے ۔ آپ کی دن بھرکی معاشی کارکردگی پراس مشغلہ کے خوش کن اثرات مرتب ہوں گے ۔ آپ کے انداز فکر میں وسعت اور روشن خیالی کا عنصر عودکرآئے گا۔

تازہ ہوا میں لمبے لمبے سانس لیں :
جس طرح موٹر کار پٹرول سے چلتی ہے، اسی طرح انسان آکسیجن سے زندہ رہتا ہے۔ یہ انتہائی شکر کی بات ہے کہ قدرت نے ہمیں آکسیجن سے پرتازہ ہوا” مفت “ دے رکھی ہے۔ آپ قدرت کے شکر کے طور پر ہرروز صبح کے وقت کھلی فضا میں کم ازکم پندرہ منٹ کے لیے لمبے لمبے سانس لینے کو اپنا لازمی معمولی بنالیں ۔
اس عمل سے نہ صرف آپ کا نظام تنفس درست رہے گا بلکہ جسم کے تمام نظام بہتر طور پر کام کرتے رہیں گے اور ساتھ ہی سارا دن آپ کاذہن بھی تازگی محسوس کرتارہے گا۔ دن کے باقی حصے میں بھی جب بھی موقع ملے آپ پانچ منٹ کے لیے یہ عمل کرلیا کریں ۔
اپنے چہرے پر مسکراہٹ سجا کررکھیں :
آپ کو قدرت عالیہ نے نہایت عمدھی کے ساتھ خوبصورت تخلیق کیا ہے ۔
آپ کے سراپے مین اس نے کس قدر تناسب کے ساتھ تمام اعضاء کو کمال استعدادیں عطا کر دی ہیں۔ آپ اگر اپنے کو زیادہ دلکش اور جاذب نظر بنانے کے لیے اپنے چہرے پر مسکراہٹ طاری رکھیں تو آپ کو اس امر کے لاتعداد فوائد حاصل ہوں گے۔ تاثرات سے خالی، سپاٹ، حیران وپریشان چہرے پر دنیا اور بھی لعنت بھیجتی ہے۔ دنیا میں خود خوش رہنے ،خوشیوں کو جذب کرنے ، دوسروں میں اپنی خوشیاں بانٹنے کے عمل میں سچی طمانیت کاراز مضمر ہے۔
اس ضمن میں پہلا قدم اور سبق یہ ہے کہ آپ اپنے چہرے پر کم ازکم مصنوعی مسکراہٹ سجانا سیکھ لیں، یقینا کئی مسائل حل ہوجائیں گے ۔
ذہن سے کام لے کر کوئی قابل ذکر تخلیقی کام کریں:
جس طرح باغ میں ہر پودا پھول دے رہا ہے،ہر پھول اپنی رعنائی، رنگ ، ڈیزائن اور خوشبو کے غرور میں جس طرح خوشی سے لہرایا رہاہے۔ آپ بھی اپنے ذہن سے تعمیری کام لے کر ہر ہفتے فارغ وقت نکال کر کوئی تخلیقی کام کیا کریں۔
عین ممکن ہے آپ کا تحقیقی اور تخلیقی کام دنیا کے لیے ایک مفیدپراجیکٹ کی طرح مقبول ہوجائے اور اس کے باعث آپ کاکارنامہ تاریخی یاد گار اور اختراعی شاہکار کادرجہ حاصل کرے ۔ جب آپ کسی تخلیقی سرگرمی میں مصروف ہوں گے تو آپ کے جسم اورذہن میں کئی خوش کن تبدیلیاں رونما ہوں گی اور آپ ایک پراسرار مسرت، طمانیت ، رمق اور تازگی کانیا احساس پائیں گے جو آپ کے لیے ایک خوش کن تجربہ ہوگا۔

آنے والے ہر ” کل “ کے لیے پراُمیدرہیں:
قدرت عالیہ کابہت شکر ہے کہ وہ ہمیں ہرآنے والے کل کے ” حالات وہ واقعات کی آگہی “ سے بے خبر رکھتی ہے۔ یہ ” بے خبری “ حقیقت میں ” خیریت اور عافیت اور اطمینان “ کاخزانہ ہے اور ہر خوف اور اندیشوں سے نجات کا ایک خوبصورت بہانہ ہے۔ آپ آنے والے ہر ” کل “ کے لیے اچھی، روشن اور خوش کن امید رکھیں،اس امید کے باعث نہ صرف آپ کا ”آج “ نہایت خوشگوار رہے گا بلکہ آپ کی یہ ”خوشی فہمی اور حسن ظن “ آنے والے کل کے لیے حقیقی خوشی کے حصول کی ٹھوس ضمانت ہے۔ آپ کاہر ”آج “ کادن خوشگواریت کے ساتھ گزرے گا تو آپ کے ماضی کا ہرگزرا ہوا” کل “ بھی اچھی یادوں کا خزانہ بنتا جائے گا۔

Browse More Healthart