اُردو پوائنٹ اُردو کی ترویج و ترقی کیلئے انتہائی فخر کے ساتھ اپنی فیس بک کے ساتھ کی گئی شراکت کا اعلان کرتا ہے۔  فیس بک کی نئی سروس انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے ذریعے صارفین اُردو پوائنٹ کو بالکل مفت استعمال کر سکیں گے۔ بغیر کسی انٹرنیٹ چارجز کے۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کیا ہے؟

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ (Internet.org) کا مقصد انٹرنیٹ کو ایسے لوگوں کے لیے بھی قابل رسائی بنانا ہے جو انٹرنیٹ سروس کے نہ ہونے یا مہنگا ہونے کے باعث اسے استعمال نہیں کرسکتے۔ یہ منصوبہ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کےلیے بنایا گیا ہے۔بنیادی طور پر اس منصوبے کے پیچھے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا ذہن کار فرما ہے مگر اسے پایہ تکمیل تک فیس بک اور گوگل سمیت انٹرنیٹ کی چند بڑی کمپنیوں نے مل کر پہنچایا ہے۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے تحت صارفین ایک ایپلی کیشن کی مدد سے بغیر کوئی رقم خرچ کئے فیس بک، فیس بک مسینجر، گوگل سرچ، وکی پیڈیا ، بی بی سی، ایکو ویدر (AccuWeather )اور چند دیگر ویب سروسز کو استعمال کر سکتے ہیں۔ منتخب ویب سائٹس کے علاوہ دوسری ویب سائٹس کے استعمال کرنے پر صارفین کو اپنے موبائل نیٹ ورک کے پیکجیز کے مطابق چارجز ادا کرنے ہونگے۔

ابتدا

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو 20 اگست 2013 کو لانچ کیا گیا ۔ اس کی لانچ کے وقت فیس بک کے بانی اور سی ای او نے 10 صفحات پر مبنی ایک وائٹ پیپر جاری کیا، جس میں انہوں نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی تفصیلات لکھی تھی۔ ارک زکر برگ نے لکھا کہ انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ فیس بک کے پچھلے منصوبے ”فیس بک زیرو“ کی طرز پر آگے بڑھایا جائے گا۔ فیس بک زیرو ایک ایسا منصوبہ ہے جس کے تحت بہت سے ممالک میں موبائل فون کمپنیاں فیس بک کا ٹیکسٹ ورژن استعمال کرنے پر کوئی چارجز وصول نہیں کرتی۔ پاکستان میں فیس بک زیرو کے لیے موبی لنک اور ٹیلی نار فیس بک کے پارٹنر ہیں۔ مارک زکر برگ کا کہنا ہے انٹرنیٹ تک رسائی بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے۔مارک زکر برگ کے مطابق دنیا کی دو تہائی آبادی انٹرنیٹ سے منسلک نہیں۔ انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کا مقصد اس دوتہائی آبادی کو انٹرنیٹ سے منسلک کرنا ہے۔

شراکت دار

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ میں فیس بک، گوگل اوردوسری انٹرنیٹ کمپنیوں کے علاوہ کچھ موبائل کمپنیاں بھی شامل ہیں جن میں سام سنگ ، ایریکسن، میڈیا ٹیک، اوپیرا سافٹ وئیر، کوالکم ، نوکیااور ریلائنس شامل ہیں۔

شریک ممالک

جولائی 2014 میں زیمبیا سے شروع ہونے والے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے منصوبے میں ایک سال سے بھی کم عرصے میں 12 ممالک شریک ہو چکےہیں۔ ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ذیل میں ہم اُن تمام ممالک کی تفصیلات بلحاظ آغاز منصوبہ دے رہے ہیں جہاں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کا منصوبہ بڑی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

زیمبیا

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو سب سے پہلے افریقی ملک زیمبیا میں جولائی 2014 میں متعارف کرایا گیا۔زیمبیا میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ بھارتی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ائیر ٹیل نے متعارف کرایا ہے۔ ائیر ٹیل زیمبیا کے علاوہ کئی ممالک میں اپنی سروسز فراہم کر رہی ہے۔

تنزانیہ

تنزانیہ میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو اکتوبر 2014 میں متعارف کرایا گیا۔ تنزانیہ میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے ساتھ ٹیگو نے تعاون کیاہے۔

کینیا

کینیا میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی سروس نومبر 2014 میں متعارف کرائی گئیں۔کینیا میں مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے ساتھ ائیر ٹیل نے تعاون کیا ہے۔

کولمبیا

کولمبیا میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو جنوری 2015 میں متعارف کرایا گیا۔کولمبیا میں بھی انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے لیے ٹیگو نے تعاون کیا ہے

گھانا

گھانا میں بھی جنوری 2015 کو ہی انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی سروس متعارف کرائی گئیں۔گھانا کے لیے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے پارٹنر ائیر ٹیل ہیں۔

بھارت

بھارت میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی آمد 10 فروری 2015 کوہوئی۔ بھارت میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کا پارٹنر ریلائنس کمیونی کیشن ہے۔ ابتدائی طور پر انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی سروسز بھارت کی صرف 6 ریاستوں میں شروع کی گئی ہے۔جن ریاستوں میں یہ سروس شروع کی گئی ہے، ان میں تامل ناڈو، مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، گجرات، کیرالہ اور تلگانہ شامل ہیں۔ جلد ہی اس سروس کا دائرہ کار بھارت کی دوسری ریاستوں تک بھی پھیلا دیا جائے گا۔

فلپائن

فلپائن میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی سروسز 18 مارچ کو متعارف کرائی گئی۔فلپائن میں سمارٹ کمیونی نے انٹرنیٹ ڈات آرگ کو متعارف کرایا

گوئٹے مالا

گوئٹے مالا میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو 31 مارچ 2015 کو متعارف کرایا گیا۔گوئٹے مالا میں بھی ٹیگو نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو متعارف کرایا ہے۔

انڈونیشیا

انڈونیشیا میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کا آغاز 20 اپریل 2015 کو ہوا۔ انڈونیشیا میں XL Axiata نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو متعارف کرایا۔

بنگلا دیش

بنگلا دیش میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی سروس 10 مئی 2015 کوشروع ہوئی۔بنگلا دیش میں Robi Axiata Limited نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو متعارف کرایا۔

ملاوی

ملاوی میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کا آغاز 13 مئی 2015 کو ہوا۔ ملاوی میں ٹی این ٹی اور ائیر ٹیل انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کے پارٹنرز ہیں۔

پاکستان

پاکستان میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو 28 مئی 2015 کو متعارف کرایا گیا۔ انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کو ٹیلی نار کے تعاون سے پاکستان میں پیش کیا گیا ہے۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ اور پاکستان

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ نے جب سے بھارت میں اپنی خدمات فراہم کرنی شروع کی تھیں، پاکستانیوں کوبھی شدت سے اس کا انتظار تھا۔ اب جا کر انتظار کی یہ گھڑیاں ختم ہوئی ہیں۔پاکستان میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ ٹیلی نار کے تعاون سے فراہم کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی دوسرے موبائل آپریٹر بھی اس پروگرام میں شامل ہو جائیں گے۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ اور ٹیلی نار

Telenor ٹیلی نار پاکستان میں اپنے قیام کے دس سال مکمل کر چکا ہے۔ ان دس سالوں میں ٹیلی نار نے اپنے مقصد”کرو ممکن“ کے ذریعے بہت کچھ ممکن کر دکھایا۔ٹیلی نار” فیس بک زیرو “ سروس فراہم کرنے کے حوالے سے بھی پاکستان کی پہلی کمپنی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے تقریباً تمام ہی علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ٹیلی نار پاکستان میں 3500 سے زیادہ مقامات پر اپنی سروسز دے رہا ہے۔ٹیلی نار کے پاس پورے ملک میں 8000 سے زیادہ تھری جی ریڈی سیل سائٹس ہیں، جن کی مدد سے ٹیلی نار جی پی آر ایس اور ایج (Enhanced Data Rates for GSM Evolution) کی سروسز فراہم کر رہا ہے۔ ٹیلی نارنے اپنے تمام صارفین کے لیے کئی طرح کے انٹرنیٹ پیکیجز بھی متعارف کرائے ہیں۔

ٹیلی نار نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی طرز پر پہلے ہی پاکستان میں علم کے فروغ کے لیے کافی کام شروع کر دیا تھا۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی آمد پر جس موبائل فون کمپنی نے انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا وہ ٹیلی نار ہی ہے۔مفت معلومات کی فراہمی کے لیے ٹیلی نار نے تمام پاکستانیوں کو اردوپوائنٹ ڈاٹ کام تک مفت رسائی فراہم کی۔ ٹیلی نار سے اردوپوائنٹ ڈاٹ کام وزٹ کرنے کے کوئی چارجز وصول نہیں کیے جاتے۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ اور اردو پوائنٹ

UrduPoint انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ پر جہاں معلومات پہچانے والی بہت سی ویب سائٹس تک رسائی مفت ہے، وہیں پر پاکستان کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پاکستانی ویب سائٹ اردو پوائنٹ ڈاٹ کام تک رسائی بھی بالکل مفت ہے۔ قارئین کے لیے یہ بات یقیناً دلچسپ ہو گی کہ اردوپوائنٹ ڈاٹ کام پاکستان میں ٹوئیٹر اور ویکپیڈیا سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹ ہے، ہمیں یقین ہے کہ انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ پر بھی اردوپوائنٹ ہی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سروس ہوگی۔

انٹرنیٹ ڈاٹ آرگ کی اینڈریوڈ ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں