سیاستدانوں کے اثاثے آ جائیں تو امداد کی ضرورت نہیں، عمران خان:
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔8نومبر۔2009ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ بھی مولانا فضل الرحمن کی طرح فرینڈلی اپوزیشن ہے‘ شریف برادران دوغلی پالیسی ختم کریں ‘ لاہور میں ہماری پارٹی کے پرچم اور بینرز اتارے گئے ہیں اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم (ن) لیگ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے‘ آج آصف علی زرداری بھی پرویز مشرف بن چکے ہیں اور امریکہ کے کہنے پر اپنے لوگوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں اصل میں حکمران امریکہ سے ڈالر لینے کیلئے اسے اپنی جنگ کہہ رہے ہیں‘ ملک میں جتنی کرپشن اور لوٹ مار آج ہو رہی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی‘ کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں‘ تحریک انصاف کو امریکہ یا کسی اور ملک کی عوام سے نفرت ہے اور نہ ہی ہم نفرت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز تحریک انصاف لاہور کی عوامی رابطہ مہم کے افتتاح کے موقع پر گلشن اقبال پارک کے سامنے پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین حامد خان‘ پنجاب کے صدر احسن رشید‘ لاہور کے صدر میاں محمود الرشید‘ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف برادران ملک میں جمہوریت بچانا کا بہانہ بنا کر دو سال سے فرینڈلی اپوزیشن کر رہے ہیں اگر یہ جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں تو ہم بھی جمہوریت بچانا چاہتے ہیں لیکن جس طرح لاہور میں تحریک انصاف کے پارٹی پرچم ‘ بینرز اور بورڈ اتارے گئے وہ غیر جمہوری اقدام ہے اور شریف برادران بھی مولانا فضل الرحمن کی طرح فرینڈلی اپوزیشن کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ دوغلی پالیسی چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت حکمرانوں سے مایوس ہو چکی ہے اس وقت حکمران خود تو بادشاہوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں ایوان صدر کا روزانہ کا خرچہ دس لاکھ ہے جبکہ غریب عوام چینی کیلئے در بدر ہیں حکمرانوں کا عوام سے نہیں چینی مافیا سے رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ پرویز مشرف نے اسے امریکہ کے ساتھ مل کر ہم پر اسے مسلط کیا اور خود امریکہ سے ڈالر لیتے رہے آج آصف علی زرداری بھی پرویز مشرف بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایک فوجی پر امریکہ کا سالانہ دس لاکھ ڈالر خرچہ آ رہا ہے جبکہ پاکستانی فوجی کو صرف 900سو ڈالر سالانہ کرایہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا ٹولہ ملک سے بھاگنے کی تیاری کر رہا ہے اور پرویز مشرف اور شوکت عزیز ان کا لندن میں استقبال کریں گے۔ حامد خان نے کہا کہ کیری لوگر بل پاکستانی عوام کیلئے نہیں بلکہ حکمرانوں کیلئے ہے اور حکمران این آر او کے ذریعے لوٹ مار کو تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ ہم ملک کو امریکہ کی غلامی سے چھٹکارا دلائیں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد کیا جائے گا۔ احسن رشید نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے خیر خواہ نہیں اور ہم سب کو مل کر ان کا راستہ روکنا ہو گا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی اندر سے ایک ہیں اور انہوں نے قوم سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان کو پورا نہیں کیاگیا‘ ایک طرف (ن) لیگ والے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں اور دوسری طرف عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے نوراکُشتی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر تحریک انصاف نے کارکنوں اور عوام کے اعزاز میں ناشتہ بھی دیا۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




