کیری لوگر بل میں پاکستان پر کوئی شرائط عائد نہیں کی گئیں،رچرڈ ہالبروک:
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر۔2009ء)پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ کیری لوگر بل میں پاکستان پر کوئی شرائط عائد نہیں کی گئیں ہیں۔ پاکستانی فوج اور حکومت دہشت گردی کیخلاف پرعزم ہیں۔واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ کیری لوگر بل تاریخی دستا ویز ہے اسی لیے کانگریس نے اسکی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ پاکستان پر کوئی سیکیورٹی پابندیاں زیر بحث نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے سوات آپریشن میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور پاک فوج کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے ۔ جنوبی وزیرستان میں آپریشن طویل ہو سکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اہداف کا جواب پاک فوج کے ترجمان بہت طور پر دے سکتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف سابق صدر ہیں جو کہنا چاہیں کہ سکتے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




