Main Bhi Qom Ki Khidmat Karna Chahta Hun - Article No. 2036

Main Bhi Qom Ki Khidmat Karna Chahta Hun

میں بھی قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں - تحریر نمبر 2036

امیتابھ سنیل دت وجنتی مالامحمد قوی عنایت حسین بھٹی ، منصور بلوچ اور سرفراز نوازنے مل جل کرمیری از دواجی زندگی تباہ کردی ہے میراگھریلو سکون بربادہوچکا ہے اور میری اہلیہ محترمہ دن رات میرے کان کھاتی رہتی ہیں۔

پیر 18 جنوری 2016

مستنصر حسین تارڑ:
امیتابھ سنیل دت وجنتی مالامحمد قوی عنایت حسین بھٹی ، منصور بلوچ اور سرفراز نوازنے مل جل کرمیری از دواجی زندگی تباہ کردی ہے میراگھریلو سکون بربادہوچکا ہے اور میری اہلیہ محترمہ دن رات میرے کان کھاتی رہتی ہیںآ ج صبح ناشتے کی میز پر خوشگوار گفتگو کاآغاز کچھ اس طرح ہوا۔
توپھرتم نے کیاسوچا؟
کس کے بارے میں؟
الیکشن کے بارے میں اور کس کے بارے میں“
میں نے کیاسوچنا ہے الیکشن ہورہاہے اچھی بات ہے․․․․ میں الیکشن کے حق میں ہوں۔

کیاتم ہمیشہ اتنے ہی احمق رہوگے؟
زیادہ ہونے کی گنجائش نہیں۔
میں پوچھتی ہوں تم نے الیکشن میں کھڑے ہونے کے بارے میں کیاسوچاہے میں نے اخبارلپیٹ کرایک طرف رکھ دیااور چائے کاآخری گھونٹ بھرکر اہلیہ محترمہ کی جانب دیکھا جواپنی بڑی بڑی آنکھوں سے مجھے گھوررہی تھیں ” دیکھوبیگم یہ میراشعبہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)


ان کاشعبہ ہے جوکھڑے ہورہے ہیں؟
ان کے بارے میں کیاکہہ سکتا ہوں۔


پھرکیاسوچاہے؟
لیکن بیگم مجھ میں ہے کیاجومیں الیکشن میں کھڑاہوجاؤں؟
تم میں کیانہیں ہے؟ وہ سب کچھ ہے جوامیتابھ سنیل دت سرفراز نواز اور وجینتی مالا میں ہے۔
میں قدرے نردس ہوگیاکہ مجھ میں وہ کیاہے جووجینتی مالابھی ہے․․․ البتہ زندگی میں پہلی مرتبہ میری بیگم نے مجھے کسی قابل سمجھا تھا اس لئے میں غورسے سنتارہا۔
دیکھو تم بھی مشہورہولوگ تمہیں جانتے ہیں ٹیلی ویژن پرآتے ہوکتابیں لکھتے ہوکالم لکھتے ہوآخر یہ سب فضول کام کس دن تمہارے کام آئیں گے․․․ فائدہ اٹھاؤ۔

فرض کرومیں الیکشن میں کھڑاہوجاتاہوں توپھر میں اپنے ودٹروں کوجاکرکیا کہوں گا․․․ یہ کہ میراچہرہ دیکھو میری کتابیں اور کالم پڑھو․․․ یہ توکوئی بات نہ ہوئی۔
نہیں نہیں تم بھی کہناکہ میں قوم کی خدمت کرناچاہتاہوں۔
وہ تومیں کررہاہوں۔
اوہو یہ خدمت توایک طرفہ ہے․․․ دوسری طرف سے تمہاری خدمت بھی ہونی چاہیے۔
” وہ کس طرح“
الیکشن میں کھڑے ہوکر․․․․ ان لوگوں کادماغ تونہیں خراب کہ اپنے کیرئیر چھوڑ کرسیاست میں آرہے ہیں کچھ نہ کچھ توفائدہ ہوگا․․․ اچھی طرح سوچ لویہ سنہری موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔

کیوں دوبارہ الیکشن نہیں ہوں گے۔
ہوں گے لیکن یہ جورواج ہوگیاہے ناں اداکاروں وغیرہ کوووٹ دینے کایہ دوبارہ نہیں ہوگا۔
اور میں توادیب ساہوں۔
خبردار جوووٹروں کویہ بتایاکہ تم پڑھتے لکھتے ہو․․․․ برااثر پڑے گا ہمیں پڑے لکھے لوگوں کی نہیں مشہور لوگوں کی ضرورت ہے جن کی تصویریں ہم اخباروں میں دیکھتے ہیں؟ بس تم اللہ کانام لے کراعلان کردو۔

” کس قسم کااعلان“
یہی کہ پہلے اخباروں اور کتابوں․․․․ نہیں نہیں یہ توپڑھائی لکھائی کی باتیں ہیں یہی کہ میں پہلے ٹیلی ویژن پر قوم کی خدمت کرتا تھا لیکن وہاں بیٹھ کر اچھی طرح سے خدمت نہیں ہوئی تھی اس لئے حالات کاتقاضا یہ ہے کہ میں میدان عمل میں کود کراپنے آپ کو ملک اور قوم کے لئے وقف کردوں۔
اگرمیں اپنے آپ کوملک اور قوم کے لئے وقف کردوں گاتوپھرگھر کاخرچ کیسے چلے گا․․․؟
یقین کرواس سے بہت بہتر چلے گاجس طرح کہ چل رہاہے․․․․ میں یہاں آس پاس کی خواتین کوجمع کر کے” محاذبرائے تارڑ“ بنالوں گی اور تم اپنے موٹرسائیکل پربیٹھ کرسارادن شہرمیں گھومتے رہنااور لوگوں کے نعروں کاجواب ہاتھ ہلاکردینا۔

ہاتھ ہلاؤں گاتوموٹرسائیکل سے گر پڑوں گا․․․․ اور بیگم مجھے ووٹ کودن دے گا۔
یہ جوکالے منہ والیاں تمہیں دیکھ دیکھ کرہنستی ہیں وہ دیں گی یہ طالب علم دیں گے جوہروقت تمہارا دماغ کھاتے رہتے ہیں۔
یہ سب اکیس سال سے کم عمرکے ہیں․․․ ان کے علاوہ؟
بیگم نے کچھ دیر سوچا اور پھرکہنے لگیں“ اور بھی بہت سے لوگ ہوں گے جو تمہیں ووٹ دیں گے تم اللہ کا نام لے کراعلان کردو۔

توخواتین وحضرات میں بھی الیکشن میں کھڑے ہونے کااعلان کرتاہوں اب آپ کی عزت میرے ہاتھ میں ہے․․․ میرامطلب ہے میری عزت آپ کے ہاتھ میں ہے اور چونکہ نیت تومیری یہی ہے کہ میں قوم اور ملک کی خدمت کروں لیکن مجھے کچھ ٹھیک سے معلوم نہیں کہ یہ خدمت کیسے کی جاتی ہے اس لئے آپ میری مشکل حل کیجئے اور اپنے گراں قدرمشوروں سے مجھے نوازئیے میرانام توآپ کویادنہیں رہے گا کیونکہ ذرامشکل ہے اس لئے صرف میری شکل یادرکھئے یہ شکل اتنی اچھی تونہیں ہے کہ اسے یادرکھا جائے لیکن اگر آپ عنایت حسین بھٹی اور منصوربلوچ کویادرکھ سکتے ہیں تومیرے لئے بھی زحمت کرلیجئے گا کہا یہ جا رہا ہے کہ صرف وہ اداکارالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جوڈاؤن اینڈآؤٹ ہوچکے ہیں یا ہونے والے ہیں اور پبلک ان کودیکھ دیکھ کرتنگ آچکی ہے اور ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کاواحد طریقہ یہی ہے کہ انہیں ووٹ دے کرفلم اور ٹیلی ویژن سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رخصت کردیاجائے یہ بالکل غلط پروپگنڈا ہے سرفراز نوازکودیکھئے وہ چاہتے توسترسال کی عمر تک کرکٹ کھیل سکتے تھے کیونکہ انہیں منع کرکے کسی نے مارکھانی ہے محمدقوی بھی ہمیشہ پولیس کی وردی میں رہ سکتے ہیں عنایت حسین بھٹی کا” محبت کاجنازہ جارہاہے“ اب بھی جارہاہے اور کیاخوب جارہاہے․․․․ معاف کیجئے گاجوش الیکشن میں اپنے حریفوں کادماغ کئے جارہاتھا۔
دراصل تجربہ نہیں ہے ناں آہستہ آہستہ وہ بھی ہوجائے گا فی الحال میرے اعلان پرگزارہ کیجئے اور ملک وقوم کی خدمت کرنے کے نسخے مجھے ارسال کردیجئے۔ شکریہ!

Browse More Urdu Mazameen