ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ،چار سدہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلابی ریلے کا خدشہ۔اپ ڈیٹ:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2008ء)ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔چار سدہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ۔مرنے والوں میں خاندان کا سربراہ ، ان کی اہلیہ اور پانچ بچے شامل ہیں، ایک زخمی بچے کو چار سدہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ لاہور ، ڈیرہ غازی خان ،شیخو پورہ ، ٹوبہ ٹک سنگھ سمیت دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے ۔موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ ادھر سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والے مرکز نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلابی ریلا آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ راجن پور کی تحصیل روجھان میں پانی کا بہاوٴبڑھنے سے طارق آباد فلڈ بند ٹو ٹ گیا ہے ۔شگاف پر کرنے کے لئے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے ۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ دریا کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ دوسر ی جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں دوسرے روز بھی گردوغبار کے بادل چھائے ہیں ۔ ضلع پشین،تحصیل خانوزئی دکی قلات،موسی خیل،بسمیہ ،ہرنائی ،اور خضدار میں موسم گرد اور آبر آلود ہے ۔