لاہور اور کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری،لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2008ء)ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ کراچی اورلاہور کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ لاہور کے شمالی علاقے گھوڑے شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور اس کے تین بچے شدید زخمی ہوگئے ۔ متاثرہ افراد کو امدادی ٹیموں نے ملبے سے نکالا۔ لاہور میں گذشتہ روز ہونے والی بارش کا برساتی پانی اب تک نشیبی علاقوں میں جمع ہے ۔ سڑکوں اور گلیوں میں پانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ تاج پورہ، باغبان پورہ ، مغل پورہ ،شادباغ ، مصری شاہ، ریلوے اسٹیشن ، لکشمی چوک ، مزنگ اور دیگر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ بیشتر علاقوں میں تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں ۔ دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ کئی روز سے گردو غبار کے باعث عوام سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب اور سرحد کے بالائی علاقوں، کشمیر اور سندھ میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بار ش کا امکان ہے ۔ لاہو ر میں چوبیس گھنٹے کے دوران 221 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے





