لاہور میں شدید بارشیں،پی سی بی نے پریکٹس میچز ملتان منتقل کردئیے:
لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07 اگست2008 )پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں شدید بارشوں کے پیش نظر چیمپئنزٹرافی کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کیلئے کرائے جانیوالے دونوں پریکٹس میچ ملتان منتقل کردئیے ہیں۔بالخصوص فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی فٹنس اورفارم چانچنے کیلئے منعقدہ کردہ یہ میچز 8اور 9اگست کو ملتان کرکٹ گراؤنڈ میں ہونگے۔مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانیوالے 50اوورز پر مشتمل دونوں ون ڈے میچزشام چاربجے شروع ہونگے جہاں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو سمیت رکن سلیکٹر شفقت رانا اور سلیم جعفربھی میچز کے دوران ملتان میں موجود ہونگے۔اس سے قبل پریکٹس میچز قذافی سٹیڈیم میں پیر، بدھ اور جمعے کو کھیلے جانے تھے تاہم شدید بارشوں کی وجہ سے قذافی سٹیڈیم کی گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہوگیا جس سے کھلاڑی نہ صرف ٹرائل میچز کھیلنے سے محروم رہے بلکہ پریکٹس بھی نہ کرسکے ۔قومی سلیکشن کمیٹی ٹرائل نے میچز میں شرکت کرنیوالے کیلئے چالیس کرکٹرز کااعلان کیا تھا تاہم اب یہ نام شارٹ لسٹ کرکے 27کردئیے گئے ہیں۔ٹرائل میچز میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی اور سلمان بٹ شامل نہیں ہیں۔ پریکٹس میچوں کیلئے اعلان کردہ27رکنی قومی دستے کی دو ٹیمیں تشکیل دی جائینگی اور توقع کی جارہی ہے فاسٹ باؤلر شعیب اختر مصباح الحق کی قیادت میں کھیلیں گے۔ٹرائل میچوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ شعیب ملک، ناصر جمشید، خالد لطیف، خرم منظور، احمد شہزاد، یاسر حمید، یونس خان، مصباح الحق، اظہر علی، بازید خان، سہیل تنویر، فواد عالم، محمد حفیظ، منصور امجد، شعیب اختر، عمرگل، محمد علی، راوٴ افتخار انجم، سہیل خان، عبدالروٴف، وہاب ریاض، انور علی، محمد عامر، کامران اکمل، سرفراز احمد، عبدالرحمن اورسعید اجمل شامل ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




