مون سون کی بارش سے صحرائے تھر کی رونقیں لوٹ آئیں:
تھرپارکر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین06 اگست2008 ) سندھ میں جاری مون سون کی بارش سے صحرائے تھر کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ قحط سالی کے باعث ہجرت کرنے والے اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ دوبارہ علاقے کا رخ کررہے ہیں۔ تھرپار جس کا نام سنتے ہی ذہن میں ریت‘ خشکی اور بدحالی آبستی ہے ،مون سون کی بارش سے ہریالی میں تبدیل ہوگیا ہے۔13 لاکھ سے زائد آباد ی کا ضلع تھرپار کر چار تحصیلوں پر مشتمل ہے۔ دو ہزار اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل یہ علاقہ ریت سے بھرا صحرا ہے۔ یہاں کے رہائشی صرف مویشی پال کر گزر بسر کرتے ہیں جو بارش نہ ہونے کی صورت میں مال مویشی لے کر سیرابی علاقوں کی طرف نقل مکانی کرجاتے ہیں اور بارش کا موسم آتے ہی اپنے مویشیوں کے ہمراہ دوبارہ علاقے کا رخ کرتے ہیں ۔مون سون کی بارش کے باعث تھر کی ہریالی لوٹ آئی ہے اور لوگ ایک بار پھر اپنے مویشی لے کر واپس تھر آرہے ہیں۔ صحرائے تھر کی بنجر زمین آباد کرنے کے لئے اونٹوں اور بیلوں کی مدد سے باجرے‘ مکئی‘ تربوز‘سبزیوں اور مویشیوں کا چارا کاشت کیا جارہا ہے۔ بارش سے تحصیل نگر پاکر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور ملک بھر سے سیاح ان قدرتی مناظر کو دیکھنے کے لئے تھر کا رخ کررہے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




