بارش اورسیلاب کی صورتحال پر وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس۔ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب سے مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ نالہ لئی میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق ۔ پچاسی ہزار کیوسک کا بڑا سیلابی ریلہ راجن پور داجل کینال میں داخل۔مقامی ابادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔اپ ڈیٹ:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2008ء)وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے حالیہ بارشوں ااور سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعظم ہا وٴس اسلام اباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کہی، جس میں ملک بھر میں بار شو ں کی صورتحال کا جائزہ لیاگیااور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے چیرمین اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے نقصانات پر تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ نقصانات کا اندازہ لگائیں اور متاثرہ لوگوں کی مشکلات پر قابو پانے کیلئے موٴثر حکمت عملی وضع کریں۔ادھرڈیرہ غازی خان میں کاہا نالہ سے آنے والا پچیاسی ہزار کیوسک کا بڑا سیلابی ریلہ راجن پور کی داجل کینال سے یونین کونسل فاضل پور اور یونین کونسل جہان پور سے گزر رہا ہے ۔ انتظامیہ نے صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہو ئے مقامی آبادی کو پہلے ہی خبردار کردیا ہے ۔ دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش جاری ہے ۔ نالہ لئی میں ڈوبنے والے دونوں بچوں کی لاشیں مل گئی ہیں ۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور سیلاب کے باعث مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ صوبہ بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع،لاہور ڈویژن، گو جرانوالہ ، راولپنڈی ، پشاور سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ خیبر ایجنسی اوربلوچستان کے کئی اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تاحال شروع نہیں ہو سکی ہیں۔ صوبہ سرحد کے ضلع بنوں کے علاقے کمہ چشمی میں سیلابی ریلے میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ادھر کوئٹہ سمیت شمال مشرقی بلوچستان میں گزشتہ چار روز سے مون سون کی بارشوں نے تباہی مچادی ہے بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش کے باعث آنے والے سیلابی ریلے میں مزید چار افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پشاور کے سیلاب زدہ علاقوں شاہی بالا ، شاہی پایاں اور باچا خان مرکز کے قریب سیلابی پانی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔ ڈی سی او پشاور نے ون ورلڈ سے گفتگو میں بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا کام مکمل ہو گیا ہے ۔جبکہ ریلیف آپریشن جاری ہے ۔ گوجرانوالہ اور شکار پور میں مکانات کی چھتیں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک پنجاب اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر بارشوں کی پیشین گوئی کی ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شرقپور میں 93،شنکیاری میں 78، لاہور 71، بہاولپور 37، میانوالی 32، اسلام آباد 21، ملتان بیس اور جہلم میں 16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




