پاکستان میں مون سون کی شدید بارشیں،متعدد علاقوں میں زندگی مفلوج ، مزید بارشوں کی پیش گوئی:
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین13جولائی2008 )گزشتہ روز وسطی اور شمالی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدید بارشیں ہوئی ہیں جِس سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اورملک کے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کے اندرچلا گیا جسکی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ لاہور میں جہاں 86ملی میٹر بارش ہوئی، مرکزی شاہراہ مال روڈ بھی زیرِ آب آگئی اور ایک اسپتال کے وارڈوں تک میں پانی بھر گیا۔پروازوں اور ریل گاڑیوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ صوبائی حکومت اور شہری حکومتوں کی طرف سے نکاسیِ آب کی کوششوں کے اعلانات کے باوجود آمدو رفت میں شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنہ ہے،جبکہ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔مجموعی طور پر اِس برس مون سون کی بارشوں کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل موسمیات حضرت میر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اِس سال 10 سے 25فیصد بارشیں زیادہ متوقع ہیں، جو کہ کشمیر، شمالی پنجاب اور جنوب مشرقی علاقوں میں ہوں گی ۔واضح رہے کہ معمول سے زیادہ بارشیں اس لحاظ سے خوش آئند باور کی جاتی ہیں کہ اِن سے ڈیم بھر جاتے ہیں جو زرعی اور بجلی کی پیداوار بڑھاتے ہیں تاہم زیادہ بارشوں سے سیلاب کا خطرہ بھی رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ اِس نوعیت کی مزید بارشوں کے بعد بعض دریاہ اونچے درجے کے سیلاب تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




