ملک میں بارشیں اور برفباری،چترال میں برفانی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی7ہوگئی۔اپ ڈیٹ:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جنوری۔2008ء)ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چترال میں لواری ٹنل کے پاس اسکاوٴٹس کیمپ پر تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد سات ہوگئی ہے اور سات کو بچا لیا گیا ہے ادھرکراچی سمیت سندھ میں بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے ۔ چترال سے ون ورلڈ کے نمائندے کے مطابق چترال اسکاوٴٹس کیمپ سے ابتک سات اہلکاروں کی لاشیں جبکہ سات زخمی اہلکاروں کو زندہ باہر نکالا گیا ہے ۔تاہم برفباری اور شدید بارش کے باعث زخمیوں کو قریب ترین چیک پوسٹ میرکنی تک نہیں پہنچایا جاسکا ہے ۔ جہاں سے انہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔ دوسری جانب سندھ میں محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ،روہڑی ،پڈعیدن اور دیگر شہروں میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جبکہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، سانگھڑ، کشمور خیرپور،نواب شاہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔بلوچستان میں کوئٹہ، خضدار، قلات میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ملک کے دیگر علاقوں کی طرح پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت ،فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں کم سے کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔صوبہ سرحد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔پشاور میں اب تک تئیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے ۔ادھرسوات کے گرد و نواح میں برف باری کا سلسلہ چوتھے روز بھی جا ری ہے ،برف با ری کے با عث لواری ٹاپ بند ہونے سے چترال کا زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے ۔ادھر شاہراہ کاغان پر خراب موسم کی بنا پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔برف باری اور سرد موسم کے باعث بالا کوٹ میں کیمپوں میں مقیم زلزلہ زدگان بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشیں آئیندہ دو روز تک جاری رہیں گی۔ دوسری جانب آزاد کشمیر اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی چار روز سے برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔وادی نیلم اور وادی جہلم کا دارالحکومت مظفر آباد سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے تاہم سول انتظامیہ نے ان علاقوں کا رابطہ بحال کرنے کیلئے بلڈوزر اور دیگر مشینری عملہ کے ساتھ روانہ کر دی ہے ۔ وادی نیلم، وادی لیپہ، وادی جہلم اور باغ کے بالائی علاقوں پر تین سے چار فٹ تک برفباری ہوچکی ہے ۔جس کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کو غذائی اجناس کی شدید قلت ہے اور سردی میں شدت کے باعث کئی بچے نمونیہ کا شکار ہو گئے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




