قومی اسمبلی اجلاس،(ق )لیگ کاگجرات کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا الزام ،ایوان سے واک آؤٹ،گجرات کی صوبائی اسمبلی کی نشست 18 فروری کے عام انتخابات میں واضح اکثریت سے جیتی اور ضمنی انتخابات میں بھی ہمارا امیدوار جیتا ہے چودھری صاحبان کا وطیرہ ہے کہ وہ دھاندلی کا شور مچاتے ہیں ،خواجہ سعد رفیق:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2010ء) قومی اسمبلی میں جمعرات کو مسلم لیگ ق نے گجرات کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا، جس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گجرات کی صوبائی اسمبلی کی نشست 18 فروری کے عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن نے واضح اکثریت سے جیتی تھی اور ضمنی انتخابات میں بھی ہمارا امیدوار جیتا ہے انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ق کی قیادت نے ایک ہنگامہ کروایا ، چودھری صاحبان کا وطیرہ ہے کہ وہ دھاندلی کا شور مچاتے ہیں انہوں نے گجرات و یرغمال بنا رکھا تھا ہم نے گجرات کو وجاہت فورس سے نجات دلائی ہے کسی پولنگ سٹیشن پر دھاندلی نہیں ہوئی عوام نے چودھری صاحبان کو مسترد کیا ہے اس سے قبل مسلم لیگ ق کے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ روز گجرات کے ضمنی انتخابات کے دوران جو کچھ ہوا وہ شرمناک اور قابل افسوس ہے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا اور جعلی شناختی کارڈ پکڑے گئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف ہم ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں ۔ وزیراعظم کے مشیر نوابزادہ غضنفر گل نے کہا کہ گجرات میں انتہائی شفاف انتخابات ہوئے ہیں اور مسلم لیگ ق والے خواہ مخواہ دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں ، نوابزادہ غضنفر گل نے کہا کہ میں خود انتخابی دہشتگردی کا شکار ہوا ہوں ، عام انتخابات کے موقع پر میرے منہ پر گولیاں لگیں اور دل کی شریانیں بھی تبدیل ہوئیں انہوں نے کہا کہ گجرات کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ ن نے شفاف انداز میں کروا کر ایک نئی مثال قائم کی ہے انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو لوگ خود دھاندلی کر کے الیکشن جیتتے رہے وہ آج گجرات میں دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں ۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




