قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کے بغیر جاری رہا‘حنا ربانی کھر سمیت جس نے بھی تقریر ختم کی ایوان سے اٹھ کر چلا گیا:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جون۔2010ء) ہفتہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کے بغیر جاری رہا۔ اراکین قومی اسمبلی کی اکثریت حاضری لگانے کے بعد اپنے آبائی علاقوں اور حلقوں میں روانہ ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو حکومتی اراکین سمیت اپوزیشن ممبران بھی غیر حاضر رہے جبکہ اکثر اراکین اپنی حاضری لگانے کے بعد اپنے آبائی حلقوں میں چلے گئے۔ اجلاس 50اراکین کی موجودگی میں جاری رہا۔ (ن) لیگ کے احسن اقبال، حنیف عباسی، پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر، پلوشہ بہرام، (ق) لیگ کے انجینئر امیر مقام سمیت جو بھی ممبر اسمبلی اپنی تقریر ختم کرتا وہ ایوان سے چلا جاتا۔ وزیر اعظم کے جانے کے بعد صرف 32ممبران اسمبلی رہ گئے اس کے باوجود سپیکر نے اجلاس کی کارروائی جاری رکھی۔ مہمانوں کی گیلری سے ممبران کی عدم دلچسپی کی صدائیں آتی رہیں۔ واضح رہے کہ کورم کی نشاندہی کرنیوالی رکن اسمبلی فرخندہ امجد وڑائچ خاموشی سے خالی ایوان کو دیکھتی رہیں لیکن کورم کی نشاندہی نہ کر سکیں کیونکہ انہیں اپنی پارٹی کے چیف وہپ ریاض پیرزادہ نے ہدایت کی ہے کہ وہ کورم کی نشاندہی نہ کیا کریں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




