ایک ماہ کے اندر متاثرین کی مرحلہ وار واپسی شروع ہو جائے گی، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد:
مردان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جون ۔2009ء)سپیشل سپورٹس گروپ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد کا دورہ مردان، شیخ شہزاد کیمپ میں آرمی فیلڈ ہسپتال کا معائنہ کیا۔ متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر متاثرین اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر اندر متاثرین کی مرحلہ وار واپسی شروع ہو جائے گی۔ طالبان کانیٹ ورک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سرکاری کیمپوں میں مقیم متاثرین واپس جائیں گے جبکہ اسکے بعد سکولوں اور پرائیویٹ لوگوں کے ہاں مقیم متاثرین جائیں گے۔ مینگورہ،سواڑی اور ڈگر میں بجلی، سوئی گیس سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کر دی گئی ہیں۔ 90 فیصد سرکاری عملہ بھی واپس ڈیوٹی پر جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان کے سرکردہ لیڈروں کو قتل یا گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مولانا فضل اللہ سمیت دیگر کمانڈر سمیت بہت جلد اپنے انجام تک پہنچ جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کے جوان سوات میں موجود رہیں گے۔ سوات میں کمیونٹی پولیس فوری قائم کر دی جائے گی۔ جس میں سوات کے جوان بھرتی کئے جائیں گے اور انہیں 10 ہزا روپے ماہوار دیا جائے گا۔ متاثرین کو آسان طریقے سے 25 ہزار روپے فی خاندان دیے جائیں گے ۔ انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام سے اپیل کی کہ وہ فوج اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شورش زدہ علاقوں میں پہلے جیسا امن قائم ہو جائے اور حالات دوبارہ معمول پر آ سکیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




