ایبٹ آباد میں کینٹ بورڈ کی بازار کمیٹی نے کام شروع کر دیا، تاجروں کو معاملات درست کرنے کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن

جمعرات 19 جنوری 2017 15:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) ایبٹ آباد میں کینٹ بورڈ کی بازار کمیٹی نے کام شروع کرتے ہوئے تاجروں کو معاملات درست کرنے کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دیدی ہے ۔ کینٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بازار کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس گذشتہ روز وائس چیئرمین کینٹ بورڈ ایبٹ آباد ذوالفقار علی بھٹو گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ہیلتھ آفیسر کرنل فاروق، ممبر کینٹ بورڈ واجد خان جدون، بشیر خان، ارشد محمود اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین کینٹ بورڈ ذوالفقار علی بھٹوگجر نے کہا کہ کینٹ بورڈ ایکٹ 1924ء کی شق نمبر 43 کے تحت بازار کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ایبٹ آباد کینٹ کی حدود میں تمام دکانوں کے معاملات بازار کمیٹی دیکھے گی، ہماری تمام تاجر برادری سے اپیل ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اپنی دکانوں، ہوٹلوں، بیکریوں، دودھ و مرغی کی دکانوں میں صفائی وغیرہ کے انتظامات درست کر لیں۔

(جاری ہے)

ایک ہفتہ کے بعد تمام دکانوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع ہو گا، چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام الناس کو کسی دکاندار سے کوئی شکایت ہو تو وہ کینٹ بورڈ کے ممبران سے رابطہ کریں، ان کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں