دہشت گردوں کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی،مریم اورنگزیب

پاکستان حالات جنگ میں،دہشت گردی کیخلاف متحد ہونے کے سوا ہمارے پاس کوئی راہ نہیں،طارق فضل دہشت گردوں نے معصوم بے گناہ شہریوںکو خون میں نہلا دیا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ کو ہم سب نے ملکر لڑنا ہے،طلال چوہدری

منگل 21 فروری 2017 16:36

دہشت گردوں کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف ہماری جنگ ایک بھی دہشت گرد کے باقی رہنے تک جاری رہے گی ، دہشت گرد ایسی کارروائیوں سے ہمارے حوصلہ غیرمتزلزل نہیں کرسکتے بلکہ ایسے واقعات سے ہمارے حوصلہ مزید مستحکم ہوتے ہیں، قوم کو حکومت اور امن وامان نافذ کرنیوالے ادارے مایوس نہیں ہونے دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے امن وامان نافذ کرنیوالے اداروں کے اوپر بھی باتیں کرکے ان کے حوصلوں کو پست کیا ہے لیکن وزیراعظم محمد نوازشریف نے پوری قوم کو واضح کیا ہے کہ ایسے بزدلانہ اقدام سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے ، وزیراعظم کی ہدایت کے بعد امن وامان نافذ کر نیوالے ادارے اور قوم مزید الرٹ ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے چارسدہ کچہری کے باہر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں ایک بھی دہشت گرد باقی ہے اس وقت تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی ۔یہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہاکہ چارسدہ کچہری دھماکے اور دیگر دھماکوں میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو پیغام دیتے ہیں کہ موجودہ حکومت اور امن وامان نافذ کرنیوالے ادارے قوم کو مایوس نہیں ہونے دینگے اور ملکر دہشت گردی کیخلاف مقابلہ کرینگے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم حالات جنگ میں ہیں اور دہشت گردی کیخلاف ہم سب متحد ہیں اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسری راہ نہیں ہے موجودہ حالات میں ہمیں دیکھنا پڑے گا کہ وہ کونسی قوتیں ہیں جو ہمارے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں ۔طلال چوہدری نے کہا کہ دنیا او رعالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت و امن وامان کی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کیا کیا کہ دہشت گردوں نے معصوم بے گناہ شہریوںکو خون میں نہلا دیا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ کو ہم سب نے ملکر لڑنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کیخلاف پانامہ لیکس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس مقدمے میں وزیراعظم پر بے جا اور غیر مصدقہ الزامات لگائے گئے ہیں جو دہشت گردی کیخلاف جنگ کو لیڈ کر نے والے وزیراعظم کے ساتھ ناانصافی ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ موجودہ حالات میں غیرمصدقہ دستاویزات اور الزامات پر مبنی پانامہ لیکس کے مقدمے کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ ملک نقصان سے بچ سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں